Saturday, 16 November 2024


پھلوں اور سبزیوں سے دوری آپ کو موٹا بنا سکتی ہے

ایمز ٹی وی (صحت) ہوسکتا ہے آپ کو وہ دیکھنے میں اچھے نہ لگتے ہو مگر پھلوں اور سبزیوں سے دوری آپ کو موٹا بنا سکتی ہے۔ یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔ البرٹ آئن اسٹائن کالج آف میڈیسین کی تحقیق کے مطابق اگر غذا میں پھلوں اور سبزیوں کو شامل نہ کیا جائے تو موٹاپے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ پھلوں اور سبزیوں سے دوری کے نتیجے میں لوگ چربی اور کیلوریز سے بھرپور غذا کا استعمال کرنے لگتے ہیں جو توند سمیت جسمانی وزن میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔ تحقیق کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ موٹاپے کے شکار افراد پھلوں اور سبزیوں کا عام وزن کے حامل افراد کے مقابلے میں کم استعمال کرتے ہیں۔

محققین نے بتایا کہ ایسی غذائیں جن میں فی گرام کیلوریز زیادہ ہوتی ہیں تو وہ بسیار خوری اور جسمانی وزن میں اضافے کا باعث بنتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پھل اور سبزیوں میں کیلوریز کم ہوتی ہیں جبکہ ان کی کچھ مقدار کھانے سے لوگوں کا پیٹ بھر جاتا ہے۔ گزشتہ دنوں سامنے آنے والی کیمبرج یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ پھلوں، سبزیوں،اجناس، گریوں اور زیتون کے تیل سمیت معتدل مقدار میں ڈیری مصنوعات، مچھلی اور مرغی وغیرہ پر مشتمل کا غذا کا استعمال کرتے ہیں ان میں خون کی شریانوں سے متعلقہ مسائل کا خطرہ 16 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اس طرح کی غذا کا استعمال ہارٹ اٹیک یا فالج جیسے جان لیوا امراض کا خطرہ کم کردیتا ہے۔ دنیا بھر میں امراض قلب کے نتیجے میں ہر سال لاکھوں اموات ہوتی ہیں اور محققین کا کہنا ہے کہ اپنی غذا میں معمولی تبدیلی لاکر اس خطرے کو کافی حد تک ٹالا جاسکتا ہے۔

Share this article

Leave a comment