Saturday, 21 September 2024


اب ملک میں توانائی کی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے

ایمز ٹی وی (تجارت) وفاقی وزیر برائے تجارت خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام آنا شروع ہو گیا ہے ، سی پیک کے 31 میں سے 16 منصوبوں پر تیزی کے ساتھ کام جاری ہے جو ملک میں خوشحالی کے ایک باب میں اضافہ کا سبب بنے گا ۔ اپٹما کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے تجارت خرم دستگیر نے کہا کہ کسی کو یقین نہیں تھا کہ ہم ملک میں موجود انرجی کرائسز پر قابو پا لیں گے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے باعث اب ملک میں توانائی کی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے اور عوام کو بجلی اور گیس دونوں مل رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام بے فکر رہے ہماری حکومت نے 2030 تک بجلی کا انتظام کر لیا ہے۔ وفاقی وزیر تجارت نے ملکی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ کسی کے خواب و خیال میں بھی نہیں تھا کہ کراچی ، بلوچستان اور فاٹا میں امن قائم ہو سکتا ہے لیکن اب وہاں پر خون بہنا بند ہو چکا ہے۔

انھوں نے الزام لگایاکہ نریندر مودی اور رائے ونڈ مارچ والوں کا پیغام ایک ہی ہے ، ملک میں انتشار پھیلانا ، ہندوستان کے ساتھ مشرقی سرحد پر کشیدگی چل رہی ہے اور ایسے ماحول میں ملک کے اندر انتشار پھیلانے والوں کو عوام پہچانیں ، کیونکہ یہ سیاسی انتشار کا وقت نہیں اگر وہ اتنے ہی قابل ہیں تو پھر2018کے الیکشن میں مقابلہ کریں ، تاکہ سب کو پتہ چل جائے کہ عوام کے حق میں کون ہے اور عوام کس کو پسند کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اسلام آباد بند نہیں کرنے دیں گے ، بھارت نے جنگی جنون کے ساتھ تجارت کو بھی گھسیٹ لیا ہے لیکن اس کا ذیادہ نقصان بھارت کو ہی ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت غلط فہمی میں نہ رہے ،ہمیں اپنے ملک کا تحفظ کرنا آتا ہے۔

Share this article

Leave a comment