ایمز ٹی وی (تجارت) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے مشروبات، سگریٹ سمیت 5 شعبوں پرعائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی وصولی کے لیے خصوصی اسٹمپ کی پرنٹنگ کے معاملے پر پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں ایف بی آر ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ 5 شعبوں کیلیے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیار کیا گیا ہے اور اس سسٹم کے نفاذ کیلیے اسٹمپ کی پرنٹنگ کا ٹھیکہ دینے کے لیے بڈنگ ڈاکیومنٹ بھی تیارکیا جاچکا ہے اور رواں ماہ ٹینڈر جاری کرنا ہے مگر پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان (پی ایس پی سی) نے مشروبات، سگریٹ سمیت 5 شعبوں پرعائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی وصولی کے لیے خصوصی اسٹمپ کی پرنٹنگ کے لیے مسابقتی بڈنگ کی مخالفت کردی ہے جس کے باعث یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہونے کا خطرہ ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے سگریٹ سیکٹر سے مطلوبہ صلاحیت کے مطابق ٹیکس وصولی یقینی بنانے کیلیے سگریٹ پرعائد ٹیکس وصولی کے لیے خصوصی اسٹمپ متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
جس کے لیے وفاقی حکومت مجاز اتھارٹی ایف بی آر کے ذریعے سگریٹ پیکٹس کے لیے اسٹمپ کی پرنٹنگ کے حوالے سے مسابقتی بڈنگ کروانے کا فیصلہ کیا ہے مگر پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن نے اس کی مخالفت کردی ہے اور پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کی جانب سے ایف بی آر کو لکھے جانے والے لیٹر میں کہا گیا ہے کہ بینک نوٹ، اشٹامپ پیپرز سمیت دیگر حساس اور سرکاری دستاویزات و اسٹمپ کی پرنٹنگ کے لیے پاکستان پرنٹنگ کارپوریشن مجاز ادارہ ہے اور جو بھی سرکاری دستاویزات و اسٹمپ پرنٹ ہوتی ہیں وہ پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کی جانب سے پرنٹ کی جاتی ہیں لہٰذا سگریٹ پر ٹیکس وصولی کے لیے جو اسٹمپ پرنٹ کروائی جارہی ہے وہ بھی اہم سرکاری اسٹمپ ہے لہٰذا اس کے لیے مسابقتی اوپن بڈنگ کی ضرورت نہیں ہے اور یہ اسٹمپ پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن سے پرنٹ کروائی جائے۔