Monday, 23 September 2024


رواں سال کپاس کی پیداوار میں حیران کن اضافہ

 

ایمز ٹی وی (تجارت) ملکی منڈیوں میں15 روز کے دوران پھٹی کی بڑے پیمانے پر آمد کے باعث کپاس کی پیداوار 31 اکتوبر تک 69 لاکھ 48 ہزار 381 گانٹھ تک پہنچ گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت سے 7.47 فیصد زیادہ ہے۔

پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن (پی سی جی اے) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 16 سے 31اکتوبر تک ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں 25لاکھ 73 ہزار399 گانٹھوں کے برابر پھٹی پہنچی جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 18 لاکھ 1 ہزار 724 بیلز کی آمد کے مقابلے میں7لاکھ 71ہزار675 گانٹھ زیادہ ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق 31اکتوبر تک صوبہ پنجاب کی جننگ فیکٹریوں میں ریکارڈ 39 لاکھ 22 ہزار 50 بیلز کے برابر پھٹی پہنچی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 4 لاکھ 76 ہزار 879 بیلز یا13.84 فیصدزیادہ ہے، سندھ کی جننگ فیکٹریوں میں کپاس کی آمد 0.20فیصد یا 5 ہزار 902 گانٹھ اضافے سے 30لاکھ 26 ہزار 331بیلز رہی، پنجاب میں ملتان، لودھراں، بہاولنگر، خانیوال، مظفرگڑھ اور بہاولپور میں کپاس کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا جبکہ سندھ میں نوشہروفیروز، نواب شاہ اور خیرپور کی پیداوار بڑھی، بلوچستان میں بھی کپاس کی پیداوار میں کم وبیش26 فیصد کا اضافہ ہوا۔

اعدادوشمار کے مطابق ٹیکسٹائل ملز نے 31 اکتوبر تک 49 لاکھ 96 ہزار 603 بیلز خریدی ہیں جو گزشتہ سال سے 7 لاکھ 80 ہزار بیلز زائد ہیں جبکہ 1 لاکھ 21 ہزار 629 بیلز بیرون ملک برآمد کی گئی ہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 لاکھ 11 ہزار 926 بیلز کم ہیں۔

 

Share this article

Leave a comment