Monday, 23 September 2024


4ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی کھپت کہاں جا پہنچی، نیا ریکارڈ قائم ہوگیا

ایمز ٹی وی (تجارت) ملک میں گزشتہ 4ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی کھپت 17فیصد بڑھ گئی۔ پٹرولیم انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی جولائی تا اکتوبر فروخت 89لاکھ 22ہزار ٹن رہی، ملک میں نئی گاڑیوں کی فروخت، نقل و حمل اور بجلی کی پیداوار میں اضافہ پٹرولیم مصنوعات کی طلب بڑھانے کی بنیادی وجوہ ہیں۔ ستمبر کے مقابل اکتوبر میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت 10فیصد اضافے سے 23لاکھ 73ہزار ٹن رہی، اکتوبر 2015کے مقابلے میں اکتوبر 2016کی فروخت 13فیصد زائد رہی، رواں مالی سال کے پہلے 4ماہ کے دوران فرنس آئل کی فروخت گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 21 فیصد اضافے سے 36لاکھ 50ہزار ٹن، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت 12فیصد اضافے سے 26 لاکھ 59ہزار ٹن، پٹرول کی فروخت 18فیصد اضافے سے22لاکھ 36ہزار ٹن رہی جبکہ دیگر متفرق مصنوعات کی فروخت 14فیصد اضافے سے 3لاکھ 77ہزار ٹن رہی، اکتوبر 2015کے مقابلے میں اکتوبر 2016کے دوران مقامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار 6فیصد کمی سے 9لاکھ 17ہزار ٹن رہی۔

گزشتہ 4 ماہ کے دوران مقامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار 4 فیصد اضافے سے 35لاکھ 44ہزار ٹن رہی، اس دوران فرنس آئل کی مقامی پیداوار 5 فیصد اضافے سے 10لاکھ 52ہزار ٹن، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار 2فیصد اضافے سے 15 لاکھ 58 ہزار ٹن، پٹرول کی پیداوار 7فیصد اضافے سے 5لاکھ 95ہزار ٹن جبکہ متفرق مصنوعات کی پیداوار 3لاکھ 40ہزار ٹن رہی، ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر کے دوران فرنس آئل کی فروخت 3 فیصد اضافے سے 8لاکھ 75ہزار ٹن، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت 33 فیصد اضافے سے 8لاکھ 34ہزار ٹن، پٹرول کی فروخت1 فیصد کمی سے 5لاکھ 73ہزار ٹن جبکہ متفرق مصنوعات کی فروخت 6فیصد کمی سے 90ہزار ٹن رہی، اکتوبرمیں فرنس آئل کی پیداوار ستمبر سے 3فیصد بڑھ کر2لاکھ 72ہزار ٹن رہی، ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 فیصد کمی سے 4 لاکھ ٹن، پٹرول 4 فیصد اضافے سے 1لاکھ 54ہزار ٹن جبکہ متفرق مصنوعات کی پیداوار 5 فیصد اضافے سے 91ہزار ٹن رہی۔

Share this article

Leave a comment