Sunday, 22 September 2024


انفرادی سرمایہ کاروں کے لیے نئی سہولت متعارف کرادی گئی

ایمز ٹی وی (تجارت) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے میوچل فنڈز کے انفرادی سرمایہ کاروں کے لیے سہولت سرمایہ کاری اکاؤنٹس اور ایسِٹ مینجمنٹ کمپنیوں (اے ایم سیز) کے ساتھ بے شاخ بینکاری اکاؤنٹ ہولڈرز متعارف کرا دیئے۔ ایس ای سی پی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ’نیشنل فنانشل انکلوژن اسٹریٹیجی‘ میں واضح کردہ مالیاتی انکلوژن کے مقاصد کے حصول کے تحت حال ہی میں حکومت پاکستان کی جانب سے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ آن لائن اور بے شاخ بینکاری میں حالیہ وسعت تجددانہ مصنوعات کے ذریعے سرمایہ کاروں کی سہولت کی ضمانت ہے۔

ایس ای سی پی کے مطابق کم خطرات والے سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کی زیادہ سے زیادہ حد 8 لاکھ روپے جبکہ برانچ لیس بینکنگ صارفین کے لیے یہ حد 4 لاکھ روپے ہے۔ اے ایم سیز ایک کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ پر صرف ایک اکاؤنٹ کھول سکتی ہیں۔ ابتدائی طور پر یہ سہولت منی مارکیٹ فنڈز اور انکم فنڈز میں سرمایہ کاری کے لیے مہیا کی جاسکے گی۔ بعد ازاں صارف کی رسک پروفائلنگ تیار کرلینے کے بعد میوچل فنڈز کی دیگر انواع کے لیے بھی اس کی اجازت دی جائے گی۔ ایس ای سی پی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ شرائط اے ایم سیز کو پابند بناتی ہیں کہ وہ مشکوک معاملات پر نظر رکھنے کے لیے بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ اندرونی کنٹرول کا نظام تشکیل دیں۔

Share this article

Leave a comment