ایمز ٹی وی(کراچی) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سابق سینیٹر اور پیپلزپارٹی کے سابق رہنما فیصل رضا عابدی کو ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کےمطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نےرات گئےسچل تھانے کی حدود میں نیو رضویہ سوسائٹی میں واقع فیصل رضا عابدی کےگھر پر چھاپامار کارروائی کرتے ہوئےانہیں حراست میں لے لیا۔
فیصل رضاعابدی کو پوچھ گچھ کےلیےنامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے تاہم اب تک کسی سکیورٹی ادارے کی جانب سے فیصل رضا عابدی کی با قاعدہ گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی۔
قانون نافذ کرنےوالےاہلکاروں نے آدھے گھنٹے تک فیصل رضا عابدی کے گھر کی تلاشی لی۔اس دوران اطراف کی سڑکیں بند کر کے گھر کو حصار میں لیاگیا تھا۔
ذرائع کے مطابق فیصل رضا عابدی کے گھر سے اسلحہ بھی برآمد ہوا،واقعے پر شیعہ تنظیم پاسبان عزا نے سخت رد عمل کا اظہار کیا۔
تنظیم کے صدر راشد حسین رضوی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی فیصل رضا عابدی کے پارٹی چھوڑنے کا بدلہ لے رہی ہے،اگر معاملےکو جلد حل نا کیا گیا تو صبح 10 بجے ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔