Saturday, 21 September 2024


پاک تھائی لینڈ مجوزہ آزاد تجارت کے معاہدے پر تحقیقاتی رپورٹ جاری


ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان بزنس کونسل نے پاک تھائی لینڈ مجوزہ آزاد تجارت کے معاہدے پر اپنی دوسری تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی ہے جس میں حاصل ہونے والے نتائج نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ تھائی لینڈ کے ساتھ آزاد تجارت کا معاہدہ پاکستان کے مفاد میں نہیں ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان سے تھائی لینڈ کو 1.86ارب ڈالر کی ایکسپورٹ کی گنجائش کے باوجود 2015تک پاکستان کی تھائی لینڈ کو ایکسپورٹ 120.3ملین ڈالر تک محدود ہے، اس کے مقابلے میں تھائی لینڈ کی پاکستان کو برآمدات 6.92 ارب ڈالر تک بڑھانے کی گنجائش ہے، 2015 میں پاکستان نے تھائی لینڈ سے 852.7ملین ڈالر کی مصنوعات درآمد کی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے مقابلے میں تھائی لینڈ کے پاس اپنی مصنوعات کی رسائی پاکستان میں بڑھانے کے لیے 4گنا زائد امکانات موجود ہیں، پاکستان کی تھائی لینڈ کو ایکسپورٹ کی جانے والی مصنوعات میں میڈیکل اور وٹرنری سائنس سے متعلق آلات، ترش پھل اور کپاس شامل ہیں جبکہ تھائی لینڈ کے موبائل فون اور پولی پراپیلین کی پاکستان میں بڑی کھپت ہے۔ تھائی لینڈ کے لیے پاکستان کی 50 پوٹینشل مصنوعات میں سے 7مصنوعات (جن کا مجموعی پوٹینشل 25فیصد ہے) کو پہلے ہی ٹیرف کی چھوٹ حاصل ہے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاک تھائی لینڈ آزاد تجارت معاہدے کے تحت ٹیرف میں کمی کا پاکستان کو زیادہ فائدہ نہیں ہوگا۔

پاکستان بزنس کونسل کے مطابق پاکستان کے دیگر ملکوں کے ساتھ آزاد تجارت معاہدوں کا بھی پاکستان کو خاطر خواہ فائدہ نہیں پہنچا، تھائی لینڈ کے ساتھ آزاد تجارت کا معاہدہ کرنے سے قبل وفاقی وزارت تجارت کو اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ موثر مشاورت کرنا ہوگی۔ پاکستان بزنس کونسل نے اس حوالے سے اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ تھائی لینڈ کے ساتھ آزاد تجارت کا معاہدہ طے کرنے میں محتاط طرز عمل اختیار کیا جائے اور معاہدے سے قبل موثر مشاورتی عمل سے گزرتے ہوئے تفصیلی جائزہ اور فزیبلٹی مرتب کی جائے، آزاد تجارت کے معاہدے میں پاکستان کی سب سے زیادہ پوٹینشل کی حامل مصنوعات کے لیے تھائی لینڈ کی مارکیٹ میں ترجیحی رسائی حاصل کی جائے، فی الوقت پاکستان کی 50پوٹینشل مصنوعات میں سے صرف 7پوٹینشل مصنوعات کو زیرو ریٹ کی سہولت حاصل ہے اس کے برعکس آسٹریلیا کی 42 اور نیوزی لینڈ کی 50 پوٹینشل مصنوعات کو زیرو ریٹ کی سہولت دی گئی ہے جبکہ بھارت کی 21 پوٹینشل مصنوعات کو تھائی لینڈ میں زیرو ریٹ کی سہولت حاصل ہے

Share this article

Leave a comment