Saturday, 21 September 2024


جنوبی افریقا کی شاندار فتح

ایمز ٹی وی (کھیل) ہوبارٹ ٹیسٹ میں مہمان جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو ایک اننگز اور 80 رنز سے مات دے کر سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں کھیلے گئے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں بھی آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم 161 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔241 رنز کے تعاقب میں چوتھے روز کھیل کا آغاز میزبان ٹیم کی جانب سے عثمان خواجہ اور اسٹیون اسمتھ نے کیا تاہم کینگروز بلے بازجنوبی افریقی بالروں کی تباہ کن بولنگ کے سامنے مزاحمت کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آئے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں جبکہ آسٹریلیا کے 6 بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔ آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ 64 اور ڈیوڈ وانر 45 رنز بناکر نمایاں رہے۔

جنوبی افریقا کی فتح میں کلیدی کردار ادا کرنے والے بولر کائل ایبٹ نے 6 وکٹیں سمیٹیں اور ان کے ساتھی ربادا نے 4 آسٹریلوی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ کائل ایبٹ کو میچ میں 9 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل اپنی پہلی اننگز میں بھی آسٹریلوی بلے باز پروٹیز بولر کے سامنے بے بس نظر آئے اور پوری ٹیم 85 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں جنوبی افریفا کی پوری ٹیم ڈی کاک کے 106 اور باوما کے 74 رنز کی بدولت 326 رنز بنانے میں کامیاب رہی اور اسے آسٹریلیا کے خلاف 240 رنز کی برتری حاصل ہوئی تاہم دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 161 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اسے ایک اننگز اور 80 رنز کی عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا میں جاری 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں مہمان جنوبی افریقا کو 2 کےصفر کی برتری حاصل ہے جب کہ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 24 نومبر سے ایڈلیڈ اوول میں کھیلا جائے گا۔

Share this article

Leave a comment