Saturday, 21 September 2024


15سال کی تحقیق کے بعد فضائی نگرانی کے لیے جدید ترین ڈرون تیار


ایمز ٹی وی (تجارت) کراچی کی نجی کمپنی انٹی گریٹڈ ڈائنامکس نے 15سال کی تحقیق کے بعد فضائی نگرانی کے لیے جدید ترین ڈرون تیار کرلیا جسے پہلی مرتبہ دفاعی ہتھیاروں کی نمائش آئیڈیاز 2016 کے ذریعے دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا، جدید کمیونی کیشن سہولتوں سے لیس اس طیارے کو کراچی سے کنٹرول کرتے ہوئے پاک چین اقتصادی راہداری کی گوادر تا کاشغر فضائی نگرانی کی جاسکتی ہے۔ انٹی گریٹڈ ڈائنامکس کے چیف ایگزیکٹو راجہ صابری خان نے بتایا کہ ان کے ادارے نے 15سال کی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے بعد ’’ایرو‘‘ (ARROW) کے نام سے جدید ترین فضائی نگرانی کا جہاز تیار کیا ہے جسے سول کے علاوہ دفاعی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، طیارے میں رات کے وقت بھی فضائی نگرانی کی سہولت ہے۔

جدید سرویلنس نظام سے منسلک یہ جہاز پائلٹ اور بغیر پائلٹ دونوں طرح سے اڑان بھرسکتا ہے اور 57سے 154کلو میٹر فی گھنٹہ رفتار سے مسلسل 15 گھنٹے 18ہزار فٹ کی بلندی سے اہداف کے ہائی ریزولوشن مناظر لے کر 500کلو میٹر تک کے فاصلے پر قائم اپنے کمانڈ سینٹر کو ارسال کرسکتا ہے جبکہ جی پی آر ایس اور جدید کمیونی کیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے اس جہاز کو دنیا کے کسی بھی حصے سے کنٹرول اور ویڈیوز اور تصاویر موصول کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایرو سی پیک اور حساس تنصیبات کی نگرانی کے لیے موثر ہتھیار ہے جس میں 150کلو گرام تک وزن اٹھانے کی بھی گنجائش ہے، ضرورت پڑنے پر اسے دفاعی مقاصد اور دشمن کونشانہ بنانے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

جہاز کو ایک سے ڈیڑھ گھنٹے میں کراچی سے گوادر بھیج کر گوادر تا کاشغر اکنامک کوریڈور کے پورے راستے کی فضائی نگرانی کراچی میں بیٹھ کر بھی کی جا سکتی ہے اور اس جہاز سے اکنامک کوریڈور کے اطراف خصوصی گراؤنڈ اسٹیشنز کو لائیو ویڈیو اور تصاویر ارسال کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی اس جہاز کو سی پیک کی نگرانی کے لیے پاکستانی اور چینی حکام کے سامنے پیش کرے گی۔ راجہ صابری خان نے بتایا کہ ان کے متعدد ڈرون مختلف ملکوں میں سول مقاصد کے لیے انتہائی کامیابی کے ساتھ استعمال کیے جارہے ہیں ۔

Share this article

Leave a comment