Saturday, 21 September 2024


سی پیک کونسل کا پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار


ایمز ٹی وی (تجارت) سی پیک کونسل نے پاکستان میں ریفائنری، کان کنی، سیمنٹ اور ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کر دیا۔ گزشتہ روز چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کونسل کے چیئرمین چاؤ گاؤبینگ کی قیادت میں چینی سرمایہ کاروں کے وفد نے وفاقی وزیرصنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی سے ملاقات کی اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر جوائنٹ سیکریٹری ضرار حیدر اور چیف ایگزیکٹو انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے چینی سرمایہ کاروں کو گوادر ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور اس کے فوائد سے آگاہ کیا۔ چینی سرمایہ کاروں نے شمسی پینل سازی کی صنعت میں بھی دلچسپی لی اور بتایا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی سے شمسی توانائی کی پیداوار 25 سے 30 فیصد زیادہ ہے، چونکہ پاکستان شمسی توانائی کے حوالے سے بڑی مارکیٹ بن رہا ہے اس لیے چینی سرمایہ کار پی وی پینل صنعت پاکستان میں منتقل کرنا چاہتے ہیں۔وفاقی وزیر نے وفد کو بتایا کہ 300ایکڑ پر محیط کورنگی کریک انڈسڑیل پارک میں 28 ایکڑ کمرشل اور بلند و بالا عمارات کے لیے مختص ہیں، چینی سرمایہ کار اس میں سرمایا کاری کر کے پاکستان کی ریئل اسٹیٹ مارکیٹ کے ثمرات سے بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں ۔

چینی وفد نے اس ضمن میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ چینی وفد نے وفاقی وزیر کے توجہ دلانے پر پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری، جوائنٹ وینچر یا انتظامی کنٹرول سمیت کئی ایسے آپشنز پر غور کیا جس سے پاکستان اسٹیل ملز کو جدید خطوط پر استور کیے جانے کے علاوہ اس کی پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ کیا جاسکے۔ غلام مرتضی جتوئی نے چینی وفد کو بن قاسم انڈسٹریل پارک میں سرمایہ کاری کی بھی دعوت دی۔ سی پیک کونسل پاکستان میں یتیم بچوں کی کفالت کے لیے ہری پور، گلگت اور گوادر میں3سینٹرز بھی تعمیر کر رہی ہے۔

وفد کے سربراہ نے بتایا کہ ان کے زیرسایہ 100سے زائد کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے بے تاب ہیں جبکہ 6بڑے صنعتی گروپوں کے نمائندے آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ بھی کریں گے۔ چیف انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ نے چینی سرمایہ کاروں کو نیفتھا کریکر ریفائنری لگانے کے لیے دعوت دی جس کے جواب میں چینی وفد نے بتایا کہ مجوزہ ریفائنری کو مذکورہ ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائے گا۔ سینیٹر طلحہ محمود نے وفاقی وزیر کو سی پیک کونسل کے مقاصد سے آگاہ کیا۔

Share this article

Leave a comment