Friday, 20 September 2024


ایک تصویر کی بدولت قسمت اس پر مہربان ہوئی


ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) آپ کو اسلام آباد کا وہ چائے والا تو ضرور یاد ہوگا جس کی چائے بناتی تصاویر نے کچھ عرصہ قبل انٹرنیٹ پر تہلکہ مچا دیا تھا۔


وہ چائے والا جس کا نام ارشد خان ہے، اب معمولی ڈھابے پر چائے پیچنے والا نہیں رہا بلکہ مشہور ماڈل بن گیا ہے جس کا ثبوت اس پر بنایا جانے والا گانا ہے۔

ایک فوٹوگرافر کی اتفاقاً کھینچی جانے والی تصویر نے ارشد خان نامی اس لڑکے کو راتوں رات وہ شہرت دلا دی تھی جس کے لیے کروڑوں لوگ زندگی بھر ترستے رہتے ہیں۔

ارشد خان اسلام آباد کے اتوار بازار میں ایک چائے کے اسٹال پر چائے بناتا تھا جہاں سے ایک تصویر کی بدولت قسمت اس پر مہربان ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ مقبولیت میں کئی اداکاروں کو بھی پیچھے چھوڑ گیا۔

ارشد خان بالمعروف چائے والے کی مقبولیت کے پیش نظر اسے پہلے ہی مختلف برانڈز اپنی تشہیر کے لیے استعمال کر چکے ہیں۔

مختلف اشتہارات میں ماڈلنگ اور کئی ٹی وی شوز میں شرکت کے ساتھ ارشد خان ریمپ پر ماڈلنگ تک کر چکا ہے اور امید یہی کی جارہی ہے کہ بہت جلد وہ اداکاری کی دنیا میں بھی قدم رکھ دے گا۔

یہ امید اس لیے ہے کیونکہ حال ہی میں جاری کیے گئے ایک گانے میں دکھائی دینے والا ارشد خان بہترین اداکاری کا مظاہرہ کر رہا ہے اور اسے دیکھ کر کہیں سے نہیں لگ رہا کہ وہ گھبراہٹ کا شکار ہے۔

یہ گانا سڈ مسٹر ریپر اور ڈی جے ڈینی نام کے دو گلوکاروں نے بنایا ہے جس میں وہ چائے والے کے گن گاتے نظر آرہے ہیں۔

ویڈیو میں ارشد خان کو چائے والے کے روپ میں دکھایا گیا ہے لیکن اس کی شخصیت اتنی شاندار ہے کہ لوگ اسے دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں

Share this article

Leave a comment