Sunday, 22 September 2024


اونچی چھلانگ لگانے والا روبورٹ تیار

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) روبورٹس کو اب تک چلنے، پلٹنے، جھپٹنے اور دوڑنے تک کے قابل تو بنایا جاچکا ہے لیکن یہ پہلا موقعہ ہے کہ جب انجینئروں نے ایک ایسا روبوٹ بنالیا ہے جو نہ صرف چھلانگ لگاسکتا ہے بلکہ ہوا میں قلابازی بھی کھا سکتا ہے۔
یہ روبوٹ جسے ’’سالٹو‘‘ (SALTO) کا مختصر نام دیا گیا ہے، چھلانگ لگانے سے پہلے یہ کسی ایتھلیٹ کی طرح اپنی ٹانگیں سکیڑتا ہے اور پھر انہیں بڑی تیزی سے کھولتے ہوئے اونچی چھلانگ لگادیتا ہے۔

اس تجرباتی روبوٹ کا وزن صرف 100 گرام ہے جب کہ مکمل پھیلی ہوئی حالت میں اس کی لمبائی 10.2 انچ (26 سینٹی میٹر) ہے لیکن یہ اپنی موٹروں کی طاقت استعمال کرتے ہوئے 3.3 فٹ تک (ایک میٹر سے کچھ زیادہ) اونچی چھلانگ لگاسکتا ہے، یعنی یہ اپنے قد کے مقابلے میں تقریباً 4 گنا بلند چھلانگ لگانے کے قابل ہے۔ جب یہ ’’وال جمپنگ‘‘ کرتا ہے، یعنی اچھلتے دوران دیوار سے ٹکرا کر پلٹتا ہے تو اس کی چھلانگ اور بھی زیادہ اونچی ہو کر تقریباً 4 فٹ (1.21 میٹر) تک ہوجاتی ہے۔

یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے کے انجینئروں نے چھلانگیں لگانے والے مختلف جانوروں اور کیڑے مکوڑوں کا تفصیلی مشاہدہ کرنے کے بعد (اور ان ہی کی نقل کرتے ہوئے) یہ روبوٹ تیار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس روبوٹ کے دھاتی عضلات اپنے اندر تناؤ کے طور پر توانائی محفوظ کرنے اور اسے تیزی کے ساتھ خارج کرتے ہوئے اونچی چھلانگ لگانے کے قابل ہیں جن کی بدولت اتنی طاقت پیدا ہوتی ہے جو صرف پٹھوں سے پیدا ہونے والی حرکی طاقت کے مقابلے میں 15 گنا زیادہ ہوتی ہے۔ ’’سالٹو‘‘ کے کرتبوں اور ہوا میں قلابازیوں پر مشتمل ایک ویڈیو بھی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے نے جاری کی ہے۔

بنیادی طور پر اس روبوٹ کا مقصد زمین کے دشوار گزار راستوں پر تیزی سے حرکت کرنے والے عملی روبوٹس تیار کرنا ہے لیکن مستقبل میں مریخ اور دوسرے سیاروں پر بھیجے جانے والے خودکار مشنز میں بھی ایسے ہی بڑے روبوٹس سے استفادہ کیا جاسکے گا۔

 


SALTO by wwf_pk_wajahat

Share this article

Leave a comment