ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز انتظامیہ نے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے ورثاءکو مالی امداد دینے کا اعلان کر دیا ۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین کو 5,5لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ انشورنش کے 50,50لاکھ روپے بعد میں دیے جائیں گے ۔
چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پانچ لاکھ روپے میتوں کی تدفین کے سلسلے میں دے رہے ہیں تاہم مسافروں کی انشورنس کی مد میں 50،50لاکھ روپے بعد میں لواحقین کے حوالے کیے جائیں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے میتوں کے اخراجات بھی خود کریگی اور امدادی رقم جاں بحق افراد کے ورثاءکے گھروں میں جا کر دی جائے گی ۔
یاد رہے طیارہ حادثہ میں مذہبی اسکالر جنید جمشید اور انکی اہلیہ سمیت 48 مسافر جاں بحق ہوئے ہیں جن میں ڈپٹی کمشنر چترال ، انکی بیوی اور بیٹی بھی شامل ہیں ۔