Saturday, 21 September 2024


شاہینوں کا آسٹریلیا کے خلاف فاتحانہ کا آغاز

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان نے 3 روزہ پریکٹس میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کو 210 رنزسےشکست دے کر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کیا ہے۔

آسٹریلیا کے کیزالیز اسٹیڈیم کیرنز میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 310 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کرکٹ آسٹریلیا الیون 109 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ دوسری اننگز میں ارجن نائر کے سوا کوئی بھی کھلاڑی پاکستانی بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا، نائر 42 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ جیک کارڈر 17 اور مارک اسٹیکیٹی 12 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3 جب کہ محمد عامر اور راحت علی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، وہاب ریاض اور اظہر علی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 208 رنز بنائے جس کے جواب میں کرکٹ آسٹریلیا الیون 114 رنز پر ڈھیر ہو گئی جب کہ پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 216 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے میزبان ٹیم کو جیت کے لئے 310 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں یونس خان نے 54 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ سرفراز احمد نے 39 رنز بنائے۔ دوسری اننگز میں اظہر علی 82 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ محمد نواز نے بھی 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ بولنگ میں پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور راحت علی نے مجموعی طور پر 5، 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ وہاب ریاض کے حصے میں 4، محمد نواز کے حصے میں 3 اور اظہر علی کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 15 دسمبر سے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔

 

Share this article

Leave a comment