Friday, 20 September 2024


مفاہمت کی فضاءقائم رہے اور اسے نقصان نہ پہنچائیں،مولا بخش


ایمز ٹی وی (حیدر آباد) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کیخلاف انتقامی کارروائی بھگتنا حکومت کو پڑے گی،


آپ کے ظلم و ستم سے پیپلز پارٹی ختم نہیں ہو گی۔ ایک ماہ پہلے تک حکومت پریشا ن تھی لیکن راحیل شریف کے جانے سے اس میں جان آ گئی۔ وزراءکہتے تھے کہ فوج اور ہم ایک صفحے پر ہیں لیکن اب نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ لینے کی باتیں کی جا رہی ہیں، آصف علی زرداری نے کہا تھا ”ہم رہیں گے“ ، اس سے مراد پارٹی تھی۔ رینجرز کا اختیا رات سے تجاوز ثابت ہوا تو کارروائی کا فیصلہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ فرمائشی پروگرام پر پیپلز پارٹی کے خلاف کارروائی نقصان دہ ہو گی ، حکومت مقدمات بنائے، جو انتقامی کارروائیاں کرنا چاہے کر لے، لیکن بھگتنا اسے ہی پڑیں گی۔ ہم محب وطن ہیں اور ہمیں کوئی خوف نہیں ہے۔ آپ کے ظلم و ستم سے پارٹی کی رفتار سست تو ہو سکتی ہے لیکن پیپلز پارٹی کبھی ختم نہیں ہو سکی، بینظیر بھٹو شہید ہو گئیں مگر پی پی آ ج بھی قائم ہے، اسے ختم کرنے کی سوچ لئے کئی لوگ مر کھپ گئے۔


انہوں نے کہا کہ عقل کے اندھوں کی اکثریت (ن) لیگ میں موجود ہے ، وزراءکہتے تھے ہم اور فوج ایک صفحے پر ہیں لیکن اب ایک وزیر نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ لیں گے، آپ کون ہوتے ہیں، نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ لینے والے؟ کچھ عرصہ پہلے جمہوریت مایوس، حکومت اداس تھی، پریشان تھی، وزراءسہمے سہمے تھے، جنرل راحیل شریف کے جانے سے حکومت میں جان آئی۔

مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے کہا تھا ”ہم رہیں گے“، اس سے مراد پیپلز پارٹی تھی۔ ہم اداروں کے خلاف نہیں بلکہ انہیں چاہنے والے ہیں۔ مسلم لیگ ن تصادم کی جانب جا رہی ہے اور چوہدری نثار جو بھی کہیں انہیں کوئی روکنے والا نہیں مگر ہم چاہتے ہیں کہ مفاہمت کی فضاءقائم رہے اور اسے نقصان نہ پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کل تک کا انتظار ہے


چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اگلا اعلان کریں اور پھر ہم کام پر لگ جائیں۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں موجود صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین اعلان کریں گے اور ہم آپ کو خبر دیں گے بلکہ روز روز آپ کیلئے نئی خبریں بنائیں گے

Share this article

Leave a comment