Monday, 11 November 2024


غفلت برتنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا سخت ایکشن

 


ایمزٹی وی(لاہور) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے صاف پانی پروگرام میں غفلت ،نااہلی اور بے ضابطگیوں کی شکایات پر پنجاب صاف پانی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم اجمل کو معطل کردیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے صاف پانی پروگرام میں غفلت ، نااہلی اوربے ضابطگیوں کی شکایات پر صاف پانی کمپنی کے اعلی افسر کرنل (ر) مقبول کو ملازمت سے برطرف جب کہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم اجمل اورچیف پروکیورمنٹ آفیسر شبنم کو معطل کرتے ہوئے معاملہ محکمہ انسداد بدعنوانی کے سپرد کردیا ہے۔

وزیر اعلی نے معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے، کمیٹی میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ،سینئرافسر احد چیمہ اور دیگر اعلی حکام شامل ہوں گے جب کہ کمیٹی کی سربراہی چیئرمین وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم کریں گے۔ کمیٹی آئندہ چند روز میں تحقیقات کرکے اپنی حتمی رپورٹ وزیر اعلیٰ کو پیش کرے گی۔

اس معاملے پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پینے کے صاف پانی پروگرام کے امور میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرکے صوبے کے عوام کے خون پسینے کی کمائی کو نااہلی ،کوتاہی اوربے ضابطگیوں کی بھینٹ چڑھایا گیا ہے، جس بے دردی سے وسائل ضائع کیے گئے ہیں وہ ناقابل معافی ہے، ذمہ داروں نے حکومت پنجاب اورصوبے کے عوام کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے۔ میں اللہ تعالیٰ کے ساتھ صوبے کے عوام کو بھی جوابدہ ہوں۔ جن افسروں نے غفلت،نااہلی اوربے ضابطگیوں کا مظاہرہ کیا ہے انہیں عہدے پر رہنے کا حق نہیں۔ جن کی وجہ سے مفاد عامہ کا یہ بڑا منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا ہے انہیں حساب دینا ہو گا۔

 

Share this article

Leave a comment