Saturday, 21 September 2024


ترکی کار بم دھماکے میں 4 افراد ہلاک


ایمز ٹی وی(انقرہ) ترکی کے شہر ازمیر میں عدالت کے باہر کار بم دھماکے کے نتیجے میں پولیس آفیسر ،عدالتی اہلکار اورحملہ آوروں سمیت 4 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے ۔

ترکی کے تیسرے بڑے شہر’’ ازمیر‘‘ میں عدالت کے باہر کار بم دھماکے میں 4 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور عدالت کا ایک ملازم ہلاک ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں دو حملہ آور بھی مارے گئے۔ازمیر شہر کے گورنر نے میڈیا کو بتایا کہ حملے کے پیچھے پی کے کے دہشت گرد تنظیم کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حملے کی نوعیت اور دہشت گردوں کی شناخت کی بنیاد پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ حملہ پی کے کے کے دہشت گردوں نے کیا۔

انہوں نے بتایا کہ عدالت کے باہر چیک پوسٹ پر پولیس نے ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران دہشت گردوں نے گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور کورٹ کا ایک ملازم ہلاک ہوگیا۔انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے مقام سے ایک اور گاڑی ملی ہے جس میں مزید اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد موجود ہے


اور اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ حملہ آور کسی بڑی کارروائی کا منصوبہ رکھتے تھے۔واضح رہے کہ ترکی میں سال نو کے جشن کے موقع پر بھی ایک نائٹ کلب میں مسلح شخص نے فائرنگ کرکے 39 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔اس واقعے میں ملوث حملہ آور کو اب تک گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے البتہ گزشتہ روز پولیس نے دعوی کیا تھا کہ انہوں نے ازمیر میں کارروائیاں کرتے ہوئے 20 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق مبنہ طور پر داعش سے ہے اور وہ وسط ایشیائی اور شمالی افریقی ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ 18 ماہ سے ترکی میں دہشت گردی کے واقعات اور بم دھماکوں میں اضافہ ہوا ہے جن میں سے بعض کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش اور بعض کی کرد جنگجوں نے قبول کی ہے

Share this article

Leave a comment