ایمز ٹی وی(مانیٹڑنگ ڈیسک) کسی موٹر سائیکل کو تیز رفتاری میں سیدھا رکھنا بہت آسان ہوتا ہے مگر جب آپ اسے کسی جگہ روکتے یا ہلکا کرتے ہیں تو اس کا توازن برقرار رکھنا چلانے والے کا کام ہوتا ہے جو مشکل کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
تو اس کا حل معروف کمپنی ہونڈا نے اپنی نئی موٹرسائیکل کی شکل میں پیش کیا ہے جو اپنا توازن خود برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ہونڈا نے اس مقصد کے لیے نئی رائیڈنگ اسسٹ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے جو موٹرسائیکل کو روکنے پر بھی اپنی جگہ کھڑی رکھنے میں مدد دیتی ہے یعنی اسٹینڈ کی ضرورت ہی نہیں۔
آسان الفاظ میں یہ موٹرسائیکل خود کو ہر حال میں سیدھا کھڑا رکھتی ہے چاہے اس پر کوئی شخص سوار نہ بھی ہو۔
ہونڈا نے اس مقصد کے لیے الیکٹرونک اسٹیئر بائی وائر سسٹم موٹرسائیکل میں استعمال کیا ہے جو اس کی رفتار تین میل فی گھنٹہ سے کم ہونے پر حرکت میں آتا ہے اور اگلے پہیے کا کنٹرول سنبھال لیتا ہے۔
یہ موٹرسائیکل پہیے کے اینگل کا ادراک کرکے اسے اپنی جگہ سے ہلنے نہیں دیتا اور وہ اپنی جگہ مستحکم رہتا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ موٹرسائیکل جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہے جو چلانے والوں کو تحفظ دینے کے ساتھ پارکنگ کی جگہ ڈھونڈنے میں بھی مدد دیتی ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ اس موٹرسائیکل کو کب تک فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا کیونکہ ہونڈا نے اس حوالے سے ابھی کوئی بات نہیں کی۔