Saturday, 21 September 2024


ٹرانسپورٹ ہڑتال موخر کرنے کا فیصلہ

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد (کے ٹی آئی) نے 12جنوری کی ہڑتال موخر کرکے وفاقی وزیر پٹرولیم کے سی این جی کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرنے کے اقدام کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ یہ فیصلہ اتحاد کے ایک ہنگامی اجلاس میں کیا گیا، جوکے ٹی آئی کے صدر سید ارشاد حسین شاہ بخاری کی صدارت میں پیر کو یہاںتنظیم کے دفتر میں ہوا، جس میں اتحاد میں شامل تمام تنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کے ٹی آئی کی جانب سے 12جنوری کی ہڑتال کے اعلان کے بعد وفاقی وزیر پیٹرولیم خاقان عباسی یا کسی اور حکومتی عہدیدار نےابھی تک کوئی رابطہ نہیں کیا۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ عوام کی قسمت بدلنے کی دعویدار حکومت کے وزیر کو عوام دشمن فیصلے کے عوض اعلیٰ سطح پر نوازا گیا ہے،انہوں نے صرف سی این جی سیکٹر کو ہی ڈی ریگولیٹ کیوں کیا؟ اور سی این جی مالکان سے کچھ شرائط بھی طے کیں یا نہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اتحاد کے قانونی مشیر اوردیگر سینئر وکلاء نے رائے دی کہ صرف کراچی یا سندھ میں ہڑتال کے بجائے قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے۔جبکہ یہ معاملہ پہلے ہی اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے ۔اس لیے متفقہ طور پر طے پایا کہ فی الحال 12جنوری کی ہڑتال موخر کرکے وفاقی وزیر کے اس غیر قانونی اقدام کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جائے۔

 

Share this article

Leave a comment