Saturday, 21 September 2024


انتہا پسند ہندوؤں کے تعصب پرپاکستانیوں کی فتح

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمٹ) بالی ووڈ میں اپنی ڈیبیو فلم ’’خوبصورت‘‘ سے دھوم مچانے والے پاکستانی اداکار فواد خان کو 2015 کے بعد سے نظر اندازکیا جا رہا تھا۔ فواد کو ایک بار پھرسے فلم فیئر ایوارڈز کیلئے نامزد کیا گیاہے۔ نامزدگیوں میں فواد کے علاوہ پاکستان کے تین بہترین گلوکاروں کا نام بھی شامل ہے۔

گزشتہ سال فواد خان نے بولی وڈ کی دو کامیاب فلموں ’’کپور اینڈ سنز‘‘ اور ’’اے دل ہے مشکل‘‘ میں بہترین اداکاری سے لوگوں کے دل جیت لیے تھے مگرپھر پاک بھارت کشیدگی کے باعث بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے شور شرابے کے بعد فواد خان سمیت تمام پاکستانی اداکاروں کے بالی ووڈ میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔


فواد خان کی جاندار اداکاری کے باوجود انہیں اب تک ہونے والے اسکرین ایوارڈ، اسٹار ڈسٹ ایوارڈز اور گولڈن روز ایوارڈز میں سے کسی ایک میں بھی نامزد نہیں کیا گیا تھا۔ مگراب فلم فیئر ایوارڈ کی ویب سائٹ پر نامزدگیوں کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں فواد کو ’’کپور اینڈ سنز‘‘ کے لیے بہترین معاون اداکار کی کیٹگری میں نامزد کیا گیا ہے۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ انتہا پسند ہندوؤں کے تمام تر تعصب اور بالی ووڈ میں پاکستانی آرٹسٹ کے کام کرنے پر پابندی کے باوجود بھی فواد خان کے علاوہ گلوکار عاطف اسلم، راحت فتح علی خان اور گلوکارہ قرۃ العین بلوچ کو بھی 62ویں فلم فیئر ایوارڈز میں نامزد کیا گیا ہے۔


عاطف اسلم کو فلم ’’رستم ‘‘ کے گانے ’’تیرے سنگ یارا‘‘ اور راحت فتح علی خان کو فلم ’’سلطان‘‘ کے گانے ’’جگ گھومیا تیرے جیسا نہ کوئی‘‘ کیلئے بیسٹ پلے بیک سنگر کی کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔ جبکہ گلوکارہ قرت العین بلوچ کو فلم ’’پنک ‘‘ کے گانے ’’ کاری کاری‘‘ کیلئے بیسٹ فی میل پلے بیک سنگر کی کیٹگری میں نامزد کیا گیا ہے۔
اس سے قبل فواد 60 ویں فلم فیئر ایوارڈز میں فلم ’’خوبصورت ‘‘ کیلئے بیسٹ میل ڈیبیو کا ایوارڈ وصول کر چکے ہیں۔


فلم 'کپور اینڈ سنز' میں اداکار رشی کپور، سدھارتھ ملہوترا اور عالیہ بھٹ نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، لیکن فواد خان کا کردار اس فلم میں خاصا پیچیدہ تھا، انہوں نے ہم جنس پرست کا کردار ادا کیا تھا جسے شائقین کی جانب سے سب سے زیادہ پزیرائی ملی۔

 

 

Share this article

Leave a comment