ایمز ٹی وی ( سندھ) واٹربورڈ نے عدالتی احکامات پر منگھوپیر ریزروائر کے اطراف سے چکنی مٹی و ریت اور بجری نکالنے کا غیرقانونی کاروبار کرنے والوں اور واٹربورڈ کی اراضی پر غیرقانونی قبضہ کرنیوالوں کے خلاف مقدمہ درج کرادیا ،ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ،غیرقانونی اقدامات اور قبضہ مافیا کی سرگرمیوں کو روکنے کیلے پولیس چوکی قائم کردی گئی ہے جبکہ پیر سے تجاوزات اور تعمیرات منہدم کرکے زمین واگزار کرانے کے لئے پولیس ،ضلعی انتظامیہ اور واٹربورڈ کا مشترکہ آپریشن متوقع ہے۔ پولیس چوکی کے قیام اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے اقدامات ایم ڈی واٹربورڈ کا ڈی آئی جی ویسٹ سے اظہار تشکر کیا ہے جبکہ واٹربورڈ حکام کو متوقع آپریشن کیلئے تیار رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں ،تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات پر بننے والے انکوائری کمیشن کے سربراہ اور ہائی کورٹ کے جج جناب جسٹس اقبال کلہوڑو نے گزشتہ دنوں حب ڈیم کے قریب منگھوپیر کی پہاڑیوںپر240فٹ بلندی پر قائم واٹربورڈ کے ریزر وائر کا دورہ کیا تھا اور ریزروائر کے اطراف چکنی مٹی و ریت اور بجری اٹھائے جانے کے غیرقانونی کاروبار کا نوٹس لیتے ہوئے اس پر تشویش اور برہمی کا اظہار کیا تھا معزز جج فاضل صاحب نے اپنی عدالت میں متعلقہ حکام کو فوری طلب کرلیا تھا جہاںمائنز اینڈ منرل ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر راشد عامر نے معزز عدالت کو بتایا کہ ان کے محکمہ نے کسی کو اس مقام سے ریت یا مٹی نکالنے کا لائسنس جاری نہیں کیا ہے اور اگر کیا بھی گیا ہے تو اس کو منسوخ کردیا جائے گا ،جبکہ واٹربورڈ کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ مذکورہ مقام پر 868ایکڑ اور17گھونٹے اراضی واٹر بورڈ کی ملکیت ہے جس میں سے کچھ پر غیرقانونی صنعتی زون اور گوٹھ قائم کردیئے گئے ہیں معزز عدالت نے انتظامیہ ،پولیس اور واٹربورڈ کو حکم دیا کہ فوری طور پر یہ غیر قانونی کاروبار اور قبضہ ختم کرایا جائے ،نیز واٹربورڈ کے چیف سیکورٹی آفیسر کو حکم دیا تھا کہ واٹربورڈ کی اراضی کی حفاظت کے لئے موثر سیکورٹی اقدامات کریں۔ معزز عدالت کے ان احکامات پر فوری طور پر آپریشن شروع کردیا گیا تھا ، تاہم موسم کی خرابی اور برسات کی وجہ سے اسے مکمل نہیں کیا جاسکا ہے ،ڈپٹی کمشنر ویسٹ آصف جمیل نے پیر کی صبح اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس اپنے دفتر میں طلب کرلیا ہے ،جس میں اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر ویسٹ ، ڈی آئی جی ویسٹ ،واٹربورڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز ، چیف سیکوریٹی آفیسر میجر ( ر) نواز گوندل سپرنٹنڈنگ انجینئر ظفر پلیجو اور دیگر حکام شرکت کریں گے ،اجلاس میں واٹربورڈ کی جانب سے اس کی اراضی کی بابت کاغذات بھی ڈپٹی کمشنر ویسٹ اور دیگر حکام کو پیش کئے جائیں گے۔ توقع ہے کہ اجلاس کے بعد واٹربورڈ کی اراضی سے قبضے کے خاتمے کیلئے بھرپور آپریشن شروع کیا جائے گا ،ایم ڈی واٹربورڈ نے اس سلسلے میں واٹربورڈ حکام کو ضروری احکامات دیدیے ہیں اور انہیں تیار رہنے کی ہدایت کی ہے ایم ڈی واٹربورڈ نے مذکورہ علاقہ میں پولیس چوکی قیام پر ڈی آئی جی ویسٹ سے اظہار تشکر کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ اس ضمن میں موثر اقدامات کریںگے تاکہ آپریشن کے بعد قابضین اور ریت و بجری اٹھانے کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے دوبارہ فعال نہ ہوسکیں انہوںنے ڈائریکٹر لیگل افیئر چن زیب تنولی اور ڈائریکٹر لینڈ شعیب تغلق کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرلیں ،واضح رہے کہ واٹربورڈ نے ریزر وائر کے اطراف سے بجری اور مٹی اٹھانے اور غیرقانونی قبضے کرنے والے ملزمان دولت خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرادیاہے۔