Monday, 23 September 2024


امریکی کمپنیوں کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا ارادہ

 

ایمزٹی وی(تجارت)امریکی کمپنیوں کی اکثریت نے پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کا اعتراف کرتے ہوئے کاروباری ماحول کو اطمینان بخش قرار دیا ہے۔ امریکن بزنس کونسل کے پرسیپشن سروے کے مطابق گزشتہ برس کے مقابلے میں امن و امان کی صورت حال میں 30 فیصد بہتری واقع ہوئی ہے۔ سروے میں 78 فیصدرائے دہندگان کا کہنا تھا کہ آئندہ 12 ماہ کے دوران ان کا پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ ہے جبکہ یہ شرح گزشتہ برس 65 فیصد تھی، مزید برآں83 فیصد نے ملک کی طویل المدت معاشی اور کاروباری صورت حال کے بارے میں مثبت رائے کا اظہار کیا ہے۔ اے بی سی ارکان مالی سال کے دوران حکومت کے منی بجٹ پیش کرنے اور پالیسیوں میں اچانک تبدیلی کے حوالے سے مختلف رائے کے حامل پائے گئے، ایسے اقدامات سے نہ صرف منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں بلکہ نئی سرمایہ کاری کو بھی دھچکا پہنچتا ہے۔ پرسیپشن سروے کے مطابق اے بی سی ارکان سے مختلف معاشی، ریگولیٹری اور سیاسی عوامل کے بارے میں اپنے اطمینان کا اظہار کرنے کے حوالے سے پوچھا گیا، ان عوامل سے مالی سال 2015-16 میں کاروباری کارکردگی اور ترقی متاثر ہوئی، کاروباری ماحول کو ان تمام عناصر کی بنیاد پر جانچا گیا جن سے یہ متاثر ہوا۔

 

Share this article

Leave a comment