Saturday, 21 September 2024


نارنگی کے بے شمار فوائد

 

ایمز ٹی وی (صحت)سردیوں کا پھل نارنگی اپنے اندر بے شمار خواص و فوائد رکھتا ہے۔ وٹامن سی سے بھرپور یہ پھل کئی بیماریوں سے حفاظت فراہم کرتا ہے اور جلد کی خوبصورتی کے لیے بہترین ہوتا ہے۔
لیکن اس پھل کے کچھ فوائد ایسے بھی ہیں جن سے بہت کم لوگ واقف ہیں۔ تو آپ ان فوائد کے بارے میں جانیں، اور جاتی سردیوں کی سوغات سے جی بھر کر لطف اٹھا لیں۔
:کینسر کا خطرہ گھٹائے
نارنگی متعدد اقسام کے کینسر سے بچاؤ میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ اس میں موجود وٹامن سی اور سٹرس جلد، پھیپھڑے، چھاتی اور معدے کے کینسر سے حفاظت فراہم کرتے ہیں۔
:وزن کم کرے
کیا آپ جانتے ہیں؟ سردیوں میں آپ بغیر کسی ڈائٹنگ کے صرف نارنگی کھا کر بھی اپنا وزن کم کر سکتے ہیں؟ نارنگی دراصل جسم کی ضروریات کو پورا کر کے بھوک کے احساس کو کم کرتی ہے جس سے آپ بار بار اسنیکس اور مختلف اشیا کھانے سے بچے رہتے ہیں۔
:کولیسٹرول میں کمی
نارنگی میں موجود پیکٹن اور لیمونن نامی اجزا جسم میں کولیسٹرول کی سطح کو معمول کے مطابق رکھتے ہیں اور اسے بڑھنے سے روکتے ہیں۔
:گردوں کے امراض سے حفاظت
نارنگی کا جوس جسم میں سٹریٹ کی مقدار میں اضافہ کرتا ہے جس سے گردوں میں پتھری بننے کا امکان کم ہوتا ہے۔ روزانہ نارنگی کا جوس پینا پتھری سمیت گردوں کے دیگر کئی امراض سے بھی حفاظت فراہم کرتا ہے۔
:بوڑھا ہونے سے روکے
نارنگی اور اس کے چھلکے جلد کی خوبصورتی کے لیے بہترین اشیا ہیں۔ یہ نہ صرف جلد کو چمکدار بناتے ہیں بلکہ جلد کی خلیات کی ٹوٹ پھوٹ کو روک کر اسے خراب ہونے، اور جلد پر جھریاں پڑنے سے بچاتے ہیں۔
:نزلہ زکام سے بچاؤ
نارنگی ترش ہونے کے باوجود نزلہ زکام سے حفاظت اور ان کے علاج میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ نارنگی میں وٹامن سی کی بھرپور مقدار سردیوں میں مختلف وائرل انفیکشن سے حفاظت فراہم کرتی ہے۔

 

Share this article

Leave a comment