Saturday, 21 September 2024


ورلڈ کپ 2019، سرفراز کیلئے امتحان بن گیا

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) قومی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ اگلے ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی کے لئے ویسٹ انڈیز کا دورہ بہت اہم ہے۔ ٹیم کو 2019 ون ڈے ورلڈکپ تک براہ راست رسائی دلانا ہدف ہے جس کے حصول کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہوگی۔
فتوحات سمیٹنے کیلئے کھلاڑیوں کو دفاعی انداز بدل کر جارحانہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ خیال رہے کہ پی سی بی نے دورے کیلئے ٹریننگ کیمپ کیلئے 31 کھلاڑیوں کو منتخب کیا جو ہفتے سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تربیت کا آغار کریں گے۔
اظہر علی کی جگہ ون ڈے قیادت سنبھالنے والے سرفراز نے اس حوالے سے ایک انٹریو میں کہا کہ قومی ٹیم کا کپتان مقرر ہونا میرے لئے باعث اعزاز ہے۔ پی سی بی حکام نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے اس پر ان کا شکرگذار ہوں، کوشش ہو گی کہ ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے اسے دوبارہ کامیابیوں کے سفر پر گامزن کروں۔
اس وقت ٹیم کو 2019 ورلڈکپ کوالیفکیشن سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں 300رنز کا ہدف بھی محفوظ نہیں، ہماری ٹیم کا ہدف کے تعاقب میں ریکارڈ اچھا نہیں، کھلاڑیوں کو کھیلنے کا انداز بدلنا ہوگا۔ دریں اثنا قومی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز سے سرزمین پر سامنے کرنے کے لئے اپنی تیاری ہفتے سے شروع کرے گی۔
کیمپ کے اختتام پر دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔ ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے ٹریننگ کیمپ میں طلب کیے جانے کو انٹرنیشنل کرکٹ میں نئی زندگی سے تعبیر کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ میرے نئی زندگی اور انٹرنیشنل کیریئر کیلئے امید کی نئی کرن ہے۔ میں نے اس موقع کے حصول اور قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے کیلئے بہت سخت محنت کی اور کیمپ کیلئے منتخب کرنے پر میں سلیکٹرز کا شکر گزار ہوں۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کھیل پیش کرنے کے بعد پی ایس ایل میں بھی عمدہ کارکردگی کیلئے بے چین تھا اور میں اس کارکردگی کا سہرا کپتان ڈیرن سیمی اور کوچ محمد اکرم کے سر باندھتا ہوں جنہوں نے مجھے اوپر کے نمبروں پر کھلایا ۔
انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور کپتان کی موجودگی میں اسپیشلسٹ بیٹسمین کی حیثیت سے اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا اوراور موقع ملا تو ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کی کوشش کروں گا۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی کے کامران اکمل 353 رنز بنا کر پی ایس ایل ٹو کے سب سے کامیاب بیٹسمین رہے تھے۔ انہوں نے وکٹوں کے پیچھے 12 شکار بھی کئے۔
 

 

Share this article

Leave a comment