Friday, 15 November 2024


ٹروکالر ایک نئی ایپلیکشن تیار

 

ایمز ٹی وی ( ٹیکنالوجی)ٹرو کالر(Truecaller)دنیا کی معروف ترین ڈائیلر، کالر آئی اور سپام بلاکنگ ایپلی کیشن ہے جس کے صارفین کی تعداد 25کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ اب ٹروکالر نے ہائی کوالٹی کالنگ سروس ’گوگل ڈو‘ (Google Due)کے ساتھ انضمام (Integration)کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد ٹروکالر کے صارفین اپنی ایپلی کیشن میں رہتے ہوئے ہی ’گوگل ڈو‘بھی استعمال کر سکیں گے۔
انضمام کی خبر کے ساتھ ہی ٹروکالر نے اینڈرائیڈ فونز کے لیے اپنی یکسر نئی ایپلی کیشن بھی متعارف کروا دی ہے جس میں ایس ایم ایس اور فلیش میسجنگ جیسے نئے فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔ایس ایم ایس فیچر کے ذریعے صارفین نہ صرف یہ دیکھ سکیں گے کہ کون انہیں ایس ایم ایس کر رہا ہے بلکہ غیرضروری پیغامات (Spam Messages)کو فلٹر بھی کر سکیں گے۔یہ غیرضروری پیغامات صافین کا بہت بڑامسئلہ ہیں کیونکہ سالانہ دنیا بھر میں 1.2ٹریلین ایسے پیغامات بھیجے جاتے ہیں اور تقریباً ہر صارفین کوموصول ہونے والے کل پیغامات کا15فیصد غیر ضروری پیغامات ہوتے ہیں۔
دوسرا نیا فیچر فلیش میسجنگ ہے جسکے ذریعے صارفین پہلے سے طے شدہ پیغام دوسروں کو بھیج سکیں گے یعنی جب کوئی صارف کسی ہنگامی صورتحال سے دوچار ہو گا تو اسے پیغام لکھنے کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ پہلے سے لکھ کر محفوظ کیا گیا پیغام بھیجا جا سکے گا۔
’گوگل ڈو‘ سے انضمام کا اعلان کرتے ہوئے ٹروکالر کے شریک بانی اور سی ایس او نمی زریں غلام کا کہنا تھا کہ ’’شروع سے ہی ہم ٹروکالر کو ایک ایسی ایپلی کیشن بنانے کے لیے جدوجہد کر رہے تھے جس کے ذریعے دنیا بھر میں لوگوں کی باہمی گفت و شنید سادہ اور آسان ترین ہو، ایک ایسی ایپلی کیشن جو صارفین کی تمام ضروریات پوری کرے، جس کے ذریعے وہ دیکھ سکیں کہ انہیں کون کال کر رہا ہے اور وہ ان چاہی کالز کرنے والے نمبروں کو بلاک کر سکیں۔اب ’گوگل‘ جیسے اہم پارٹنر کے ساتھ کام کرنے جا رہے ہیں جس پر ہم بہت پرجوش ہیں۔ہم ٹروکالر کو ایک ایسی ایپلی کیشن بنانے کے سفر میں نیا قدم اٹھانے جا رہے ہیں جس سے عالمی سطح پر صارفین کی باہمی گفتگو ایک ہی جگہ پر محفوظ اور مؤثر ترین ہو گی اور انہیں بار بار ایک کے بعد دوسری ایپلی کیشن نہیں کھولنی پڑے گی۔‘‘
’گوگل ڈو‘ کے سربراہ امیت فولے کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ’’ہمارا ماننا ہے کہ ویڈیوکالنگ کی سہولت ہر شخص کو میسر ہونی چاہیے۔ اس میں ایپلی کیشنز کا فرق ملحوظ نہیں رکھا جانا چاہیے۔ ہمارا مشن یہ ہے کہ ہم ویڈیو کالنگ کو سادہ اور تیز بنانا چاہتے ہیں اور اسے دنیا کے ہر شخص کی پہنچ میں لانا چاہتے ہیں۔گوگل ڈو کو ٹروکالر کے ساتھ مربوط کرنے سے دنیا کے کروڑوں صارفین کو ویڈیو کالنگ کا بہترین تجربہ حاصل ہو گا۔‘‘
ٹروکالر نے اپنے کروڑوں صارفین کو مؤثر اور محفوظ ترین سروس فراہم کرنے اور انہیں غیرضروری اور انجان نمبروں سے کالز اور ایس ایم ایس موصول ہونے سے نجات دلانے کا جو عزم کر رکھا ہے اس کا نیا ڈیزائن اور فیچرز اسی عزم کے آئینہ دار ہیں۔ دنیا کی تیزی سے مقبول ہوتی یہ ایپلی کیشن اب ان صارفین کی توجہ کا مرکز بن چکی ہے جو صرف ایسے لوگوں سے رابطہ رکھنا چاہتے ہیں جو ان کے لیے اہم ہیں۔
’گوگل ڈو‘ ایک سادہ ویڈیو کالنگ ایپلی کیشن ہے جس نے ویڈیو کالنگ کی پیجیدگیوں سے صارفین کو نجات دلائی ہے۔اس ایپلی کیشن پر صارفین صرف ایک بٹن دبا کر صارفین سے تیز اور مؤثر ترین رابطہ کر سکتے ہیں۔
ٹروکالر اور گوگل ڈو کے انضمام کی سہولت صارفین کی اجازت سے مشروط اور آئندہ مہینوں میں دستیاب ہو گی۔ جس کے بعد صارفین جب چاہیں ٹروکالر کی ایپلی کیشن کے اندر رہتے ہوئے ہی گوگل ڈو استعمال کر سکیں گے اور جب چاہیں دونوں ایپلی کیشنز کو الگ الگ کر سکیں گے۔
اس حوالے سے مزید تفصیلات جاننے کے لیے www.truecaller.com وزٹ کریں یا اپنے اینڈرائیڈ یا آئی فونز پر ٹروکالر کی ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کریں

 

Share this article

Leave a comment