ایمزٹی وی(لاہور) بیدیاں روڈ پر مردم شماری ٹیم پر خود کش حملے میں پاک فوج کے 4 جوانوں سمیت 6 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے بیدیاں روڈ پر خود کش دھماکے سے کم از کم 6 افراد جاں بحق جب کہ 12 زخمی ہوئے۔ دھماکے کی آواز اس قدر شدید تھی کہ دور دور تک سنی گئی، دھماکے کی شدت سے قریب کھڑی گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ خود کش تھا اور جیسے ہی مردم شماری ٹیم کے اہلکار جن میں پاک فوج کے جوان اور محکمہ تعلیم کے اساتذہ شامل تھے اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے کے لئے نکلنے لگے تو ایک خود کش بمبار نے خود کو ان کی گاڑی کے قریب دھماکے سے اڑا لیا۔
دھماکے میں پاک فوج کے 4 جوانوں سمیت 6 اہلکار شہید ہوئے، شہید ہونے والوں کا تعلق سندھ رجمنٹ سے تھا اور ان میں سے 3 کی اہلکاروں کی شناخت ریاض، ساجد اور عبداللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
بیدیاں روڈ کینٹ کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور کسی بھی شخص کو جائے وقوعہ کے قریب آنے کی اجازت نہیں ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو جنرل اسپتال اور سی ایم ایچ منتقل کیا گیا ہے جب کہ طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 افراد کی حالت تشویشناک ہے تاہم زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔