Friday, 20 September 2024


شہر میں مچھروں کا راج، متعدد کیسز سامنے

 

ایمز ٹی وی (صحت) گرمی کی شدت میں اضافے کے باوجود مچھروں کے خاتمے کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہ کیے جانے پر ڈینگی ، ملیریااور چکن گونیا کے کیسز کو روکا نہیں جاسکا۔
گزشتہ ہفتے شہر میں ڈینگی ، ملیریا اور چکن گونیا کے درجنوں کیسز رپورٹ ہوئے لیکن اس کے باوجود صوبائی محکمہ صحت اور شہری اداروں نے تواتر کے ساتھ مچھر مار اسپرے مہم چلائی،اس کا دائرہ وسیع کیا نہ ہی لارواسائیڈل ایکٹویٹی کی گئی ۔
ڈائریکٹر صحت کراچی ڈاکٹر محمد توفیق کے مطابق گزشتہ ماہ چکن گونیا کے 98مشتبہ کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے 20میں چکن گونیا کی تصدیق ہوئی جبکہ ڈینگی پریوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام سندھ کی جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتےشہرکے مختلف اسپتالوں کی او پی ڈیز میں5ایسے مریضوں کو لایا گیا جو ڈینگی سے متاثر تھے جبکہ 3مریضوں کو ڈینگی کی شکایت پر مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا ۔
یہ وہ کیسز ہیں جو رپورٹ ہوئے ہیں ،رپورٹ نہ ہونے والے ڈینگی اور ملیریا کے کیسز کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے ۔
اس سلسلے میں ڈائریکٹر صحت کراچی ڈاکٹر محمد توفیق کا کہنا تھا کہ ہمارا کام چکن گنیا کے مریضوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنا ہے جو کی جارہی ہے جبکہ اس مرض سے بچاؤ کی آگہی بھی دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک مچھروں کے خاتمے کا تعلق ہے تو یہ کام کے ایم سی کا ہے جس کیلئے گزشتہ ماہ کے ایم سی کے سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کو مکتوب لکھا تھا جس کی کاپی وزیر بلدیات اور سیکرٹری بلدیات کو بھی بھیجی تھی جس میں ان سے مچھروں کے خاتمے کیلئے اقدامات کرنے کا کہا تھا ۔
 

 

Share this article

Leave a comment