Friday, 20 September 2024


گلیکسی کے نئے اسمارٹ فونز مزید اپ گریڈ

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) سام سنگ کی جانب سے نئے فلیگ شپ فونز گلیکسی ایس ایٹ اور ایس ایٹ پلس کو متعارف کرائے ایک ہفتہ ہی ہوا مگر جنوبی کورین نے اس کے زیادہ بہتر ورژن بھی پیش کردیئے ہیں۔

جی ہاں سام سنگ نے گلیکسی ایس ایٹ پلس کا سکس جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا فون پیش کیا ہے۔

مگر یہ صرف جنوبی کوریا اور چین (فی الحال ابھی) میں دستیاب ہوگا اور اس کی قیمت ایک ہزار ڈالرز (ایک لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) سے زائد ہوگی۔

اگرچہ سام سنگ نے کوئی باضابطہ اعلان تو نہیں کیا مگر کمپنی کی کورین ویب سائٹ پر اپ گریڈ ماڈل کا ذکر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس فون کی قیمت 1020 ڈالرز ہوگی جس کے ساتھ ڈیکس ڈوک مفت دیا جائے گا جس سے صارفین اس ڈیوائس کو ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کے طور پر بھی استعمال کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ گلیکسی ایس ایٹ 750 ڈالرز (78 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ گلیکسی ایس ایٹ پلس کا اسٹینڈرڈ ماڈل 850 ڈالرز (89 ہزار روپے سے زائد) میں فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے تاہم پاکستان میں قیمت کا تعین یہاں آنے کے بعد ہی ہوگا۔

یہ پہلی دفعہ نہیں کہ کسی کمپنی نے اسمارٹ فون کو ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر میں تبدیل کرنے کا تجربہ کیا ہے۔

اس سے قبل موٹرولا، ایچ پی اور مائیکرو سافٹ ایسا کرچکے ہیں تاہم ان کے فونز صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہے مگر سام سنگ کی مقبولیت کو دیکھتے اس بار کامیابی کا پورا امکان ہے۔

تو کیا آپ ایک لاکھ روپے سے زائد قیمت کا یہ فون لینا پسند کریں گے؟ اگر ہاں تو اس کے لیے ابھی پاکستان میں انتظار کرنا پڑے گا (وہ بھی پتا نہیں آئے گا یا نہیں) تاہم چین اور جنوبی کوریا جاکر اسے خریدا جاسکے گا۔

 

 

Share this article

Leave a comment