Friday, 20 September 2024


کنگ خان کا تاج شاہ رخ خان سے چھین لیا گیا

 

ایمزٹی وی (انٹرٹینمنٹ)گزشتہ تین دہائیوں سے بھارتی فلم انڈسٹری پر تینوں خان راج کر رہے ہیں اور تینوں ہی اپنی منفرد اداکاری اور اسٹائل کی وجہ سے کروڑوں لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں۔
ان میں شاہ رخ خان کو بالی ووڈ کے کنگ، سلمان خان کو دبنگ خان اور عامر خان کو مسٹر پرفیکشنسٹ کے ناموں سے جانا جاتا ہے تاہم غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے اپنی تجزیاتی رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ بالی ووڈ کے ’’کنگ‘‘ کا تاج اب شاہ رخ خان سے چھن کر عامر خان کے سر سج چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق شاہ رخ اور سلمان خان کے مقابلے میں عامر خان گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل ہٹ فلمیں دیتے آ رہے ہیں جبکہ شاہ رخ اور سلمان کی ہٹ فلموں کا گراف تیزی سے نیچے آ رہا ہے لہٰذا یہ کہنا بالکل بھی غلط نہیں ہو گا کہ کنگ خان کہلانے کے اب حقدار عامر خان ہیں۔
فلم ڈسٹریبیوٹر اکشے راتھی کہتے ہیں کہ سلمان اور شاہ رخ کے مقابلے میں عامر خان فلموں کے انتخاب میں انتہائی احتیاط سے کام لیتے ہیں اور ایسی فلموں میں کام کرنے کو ہی ترجیح دیتے ہیں جو بھارتی فلم بینوں کے دلوں سے قریب ہوتی ہیں اور یہی ان کی کامیابی کا راز بھی ہے. اس کے برعکس سلمان خان اور شاہ رخ خان کی ہر برس ایک فلم ضرور ریلیز ہوتی ہے اور زیادہ فلمیں کرنے کی وجہ سے ناکامیوں کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
اکشے راتھی کا کہنا ہے کہ بحیثیت اسٹار عامر خان کے مداحوں کی تعداد ممکن ہے کہ شاہ رخ اور سلمان خان سے کم ہو لیکن عامر خان پر ان کے مداحوں کو بھروسہ ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ عامر خان جس فلم میں بھی ہوں گے اس میں کچھ نیا اور مختلف ہوگا۔
 
یاد رہے کہ دنگل سے قبل عامر خان کی فلم ’’پی کے‘‘ اور ’’تھری ایڈیٹس‘‘ بھی سپر ہٹ ثابت ہوئی تھیں اور ان دونوں فلموں میں بھی دیکھنے والوں کے لئے ایک مثبت پیغام پنہاں تھا۔

 

Share this article

Leave a comment