Saturday, 21 September 2024


پاکستان عوامی تحریک کالاہور میں دھرنا، انتظامات مکمل

 

ایمز ٹی وی(لاہور)مال روڈ لاہور کے استنبول چوک پر پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ کرسیوں، پنکھوں، جنریٹر اور ساونڈ سسٹم سمیت دیگر سامان کے بعد طاہرالقادری کا خصوصی کنٹینر بھی پہنچا دیا گیاہے۔ شیخ رشید بھی دھرنے میں شرکت کے لیے لاہور پہنچ گئے جبکہ ق لیگ نے اس کی حمایت کر دی ہے۔ ادھر لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے عوامی تحریک کو مال روڈ پر دھرنے کی اجازت نہیں دی، ضلعی انتظامیہ کا کہناہے کہ مال روڈ پر دفعہ 144 نافذ ہے،اس لئے ریلی یا احتجاج کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ دوسری جانب عوامی تحریک کاکہناہے کہ اجازت ملے،نہ ملے،وہ احتجاجی دھرناضرور دیں گے۔ترجمان عوامی تحریک کاکہناہے کہ لاہورکی ضلعی انتظامیہ نے ان کی مال روڈ پردھر نے کی درخواست مستردکردی تاہم وہ دھرنا ضرور دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں تحفظ دینا انتظامیہ کی ذمے داری ہے، یوتھ ونگز کی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی ہیں جو سیکیورٹی فراہم کریں گی۔ پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان کے مطابق دھرنے میں شرکت کیلئے خواتین کو دعوت دی گئی ہے جبکہ شیخ رشید کے علاوہ منظور وٹو، قمرزمان کائرہ، ثمینہ خالد گھرکی، ناہید خان اورڈاکٹر یاسمین راشد بھی دھرنے کا حصہ ہوں گے۔ دھرنے سے طاہر القادری خطاب کریں گے، دھرنا رات بھر جاری رہے گا اور اس کے خاتمے کا فیصلہ دوسرے دن کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور کا کہنا ہے کہ شہدائے ماڈل ٹاون کے ورثا کی طرف سے دھرنا شیڈول کے مطابق ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ دھرنے کا مقام ممنوعہ علاقہ سے باہر ہے، عدالت نے کوئی حکم امتناع جاری نہیں کیا۔ خرم نواز گنڈا پور کے مطابق طاہر القادری شہداءکے ورثاءسے اظہار یکجہتی کے لیے جائیں گے، احتجاج کا حق آئین وقانون کے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے استعمال کیا جائے گا۔

 

Share this article

Leave a comment