Friday, 20 September 2024


نریندر کی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ، بڑی تبدیلی آگئی

 

ایمزٹی وی(نئی دلی) نریندر مودی نے اپنی کابینہ میں خاتون کو وزارت دفاع کا قلمدان سونپ دیا جس کے بعد نرملا ستھرمن نے وزارت کا حلف اٹھا لیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کےمطابق نریندر مودی نے اپنی کابینہ میں توسیع اور اکھاڑ پچھاڑ کی ہے جس کے تحت 9 نئے وزرا کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے اور چار یونین وزیروں کو وفاقی وزرا کا درجہ دیا ہے۔ جب کہ مودی حکومت نے وزارت دفاع کا قملدان خاتون کو سونپا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نرملا ستھرمن اب بھارت کی وزیر دفاع کی ذمہ داریاں نبھائیں گی، بھارت کی سابق آنجہانی وزیراعظم اندرا گاندھی کے بعد نرملا دوسری خاتون ہیں جنہیں وزارت دفاع کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
اس سے قبل وزارت دفاع کا قلمدان ارون جیٹلی کے پاس تھا جنہیں اب وزارت خزانہ کا قلمدان سونپا گیا ہے جب کہ نئی وزیر دفاع نرملا ستھرمن تجارت کی یونین وزیر کے طور پر فرائض انجام دے رہی تھیں۔
حلف اٹھانے کے بعد نرملا ستھرمن کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے، اس اعتماد کے لیے وزیرعظم کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق ملک کی خدمت کچھ الگ سے کرنا چاہتی ہوں۔
پاکستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ ابھی میں نے چارج نہیں لیا اس لیے یہ وقت اس معاملے پر بات کرنے کے لیے مناسب نہیں، مجھے اس میں کچھ وقت درکار ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں بھی خاتون وزیر سشما سوراج نبھارہی ہیں۔

 

Share this article

Leave a comment