Friday, 20 September 2024


محرم الحرام کے موقع پر سندھ میں سیکیورٹی ہائ الرٹ

 

ایمز ٹی وی (سندھ) محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لئے سیکورٹی کےفول پروف انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ مختلف شہروں میں ماتمی جلوسوں کی گزرگاہوں پر صفائی ستھرائی اور روشنی کے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایات۔ تفصیلات کے مطابق سکھر ۔ سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن ، مشرف محمود قادری، عبیداللہ بھٹو اور دیگر رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سکھر شہر میں محرم الحرام کے موقع پر صفائی کا نظام درہم برہم ہے جسے درست کرنے کی ضرورت ہے۔ خیرپور۔محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ ایس ایس پی خیرپور غلام اظفر مہیسر کے مطابق محرم میں امن قائم رکھنے کے لئے رینجرس فورس بھرپور تعاون کر رہی ہے امام بارگاہوں اور مساجد کی حفاظت کے لئے تمام مطلوبہ انتظامات کئے گئے ہیں ماتمی جلوسوں کو مانیٹر کرنے کے لئے جلوسوں کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ تمام صورتحال کو براہ راست نظر میں رکھنے کے لئے ایس پی آفس میں مانیٹرنگ اسٹیشن قائم کردیا گیا ہے 6 محرم الحرام سے 10 محرم الحرام تک پولیس فورس کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں مقامی علمائے کرام نے امن قائم رکھنے کے لئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ ڈگری۔ محرم الحرام کے سلسلے میں ایک اجلاس چیئر مین میر انصر خان تالپور کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں وائس چیئرمین بابو محمد حنیف آرائیں،مختار کار وسیم لاشاری،ایم ڈبلیو ایم کے سید بشیر شاہ،شیعہ علماء کونسل کے اسلم پرویز شاہ، کونسلروں اور ٹائون کمیٹی افسران اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں محرام الحرام کے موقع پر مرکزی امام بارگاہوں،جلوسوں کی گزر گاہوں اور مرکزی شاہراہوں پر صفائی اور روشنی کے انتظامات بہتر رکھنے،لوڈشیڈنگ نہ کرنے اور دیگر امور کے سلسلے میں فیصلے کئے گئے۔ کھپرو۔میونسپل کمیٹی چیئرمین محمد وسیم قائم خانی کی صدارت میں محرم الحرام کے سلسلہ میں ایک اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں امن وامان کو ہر صورت میں برقرار رکھا جائے گا۔اس موقع پر محمدوسیم قائم خانی نے کہا کہ ماتمی جلوسوں کی گزرگاہوں پر صفائی کے انتظام اور روشنی کا بندوبست کیا جائے گا جبکہ امام بارگاہوں کی سیکورٹی کو بہتر بنانے کے انتظامات کئے گئےہیں۔ میرپورخاص۔ محرم الحرام میں مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لئے ایم کیو ایم (پاکستان) رابطہ کمیٹی کے اراکین شبیر احمد قائم خانی، سید سہیل مشہدی، ڈاکٹر ظفر کمالی اور پر مشتمل ایک وفد نے شہر کی مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور علمائےکرام اور منتظمین سے ملاقات کرکے ایم کیو ایم (پاکستان) کا پیغام پہنچایا۔ شاہپور چاکر ۔چیئرمین ٹائون کمیٹی شاہپورچاکر عبدالغفار عمرانی نے بتایا کہ پورے شہرسمیت جلوس کی گزرگاہوں پر صفائی ستھرائی اور روشنی کے انتظام مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ سیکورٹی کے حوالے سے ایس ایچ او اشرف زرداری نے بتایا کہ شہر کی مختلف امام بارگاہوں میں ہونے والی عشرہ محرم کی مجالس کی سیکورٹی کے حوالے سے پلان ترتیب دے دیا ہے پولیس کے 100 جوان شہر کی مختلف امام بارگاہوں اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اور مجالس کی حفاظت کے حوالے سے فرائض انجام دیں گے۔ روہڑی۔علماء امن کمیٹی ضلع سکھر کے چیئرمین بابو مہر نے کہا ہے کہ محرم الحرم کے دوران امن امان برقرار رکھنے کے لیے علمائے کرام ذاکرین مسالکی اختلافات سے بالا تر ہوکر اسلام کی بقا اور ترویج کو مد نظر رکھیں اسلام نے امن بھائی چارے کا درس دیا ہے ملک اس وقت نازک دور سے گذر رہا ہے فرقہ پرستی کے خاتمے کے لیے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ اس موقع پر ذوالفقار ملاح ،حاجی رفیق احمد، قاری اشرف ،نظیر احمد بھی موجود تھے۔

 

Share this article

Leave a comment