ایمز ٹی وی(کراچی)پاکستان کی کاٹن مارکیٹس میں گزشتہ تین یوم کے دوران فی من روئی کی قیمت مجموعی طورپر100 روپے کے اضافے سے5600 روپے کی سطح پر پہنچ گئی جوگزشتہ 8 ماہ کی بلند ترین سطح ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ چین اور بھارت میں بھی گزشتہ چند روز سے تیزی کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔چیئرمین کاٹن جنرزفورم احسان الحق نے بتایا کہ پاکستان میں غیر موزوں موسمی حالات کے باعث کپاس کی نئی فصل کی بوائی میں 4 سے 5 ہفتوں کی متوقع تاخیر اور روئی کے موجودہ اسٹاک غیر ملکی ٹیکسٹائل ملز کی ضروریات سے کافی کم ہونے کے باعث پاکستان میں روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان دیکھا جارہا ہے جس کے باعث کراچی کاٹن ایسوسی ایشن میں بھی گزشتہ روز روئی کے اسپاٹ ریٹ 50 روپے فی من اضافے کے بعد 5ہزار 350 روپے فی من تک پہنچ گئے۔انکا کہنا تھا کہ کاٹن کارپوریشن آف انڈیا نے سوموار کے روز جب روئی کی اولین فروخت کا آغاز کیا جس کے دوران روئی کی قیمتیں غیر معمولی تیزی کے باعث 36 ہزار 600 روپے فی کینڈی (356 کلو گرام) تک پہنچ گئیں جس کے باعث گزشتہ روز بھارت میں اوپن مارکیٹ میں بھی روئی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کا رجحان سامنے آنے سے وہاں روئی کی قیمتیں ریکارڈ 600 روپے فی کینڈی اضافے کے ساتھ 34 ہزار 138 روپے فی کینڈی تک پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ روز چین میں بھی روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان سامنے آنے سے وہاں روئی کی قیمتیں 70 یوآن فی ٹن اضافے کے بعد 13 ہزار 205 یوآن فی ٹن تک پہنچ گئیں۔