Saturday, 21 September 2024


محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن ایک بار پھر مشکوک قرار

 

ایمز ٹی وی( اسپورٹس) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا بائیو مکینک ٹیسٹ یکم نومبر کو انگلینڈ میں ہوگا۔ سری لنکا کے خلاف ابوظہبی میں کھیلے جانے والے میچ میں امپائر نے آف اسپنر کے بولنگ ایکشن پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ کی تھی۔ قواعد کے مطابق 14 روز کے اندر ان کے ایکشن کی جانچ آئی سی سی کی منظور شدہ بائیومکینک لیب میں ہونا ہے جس کیلیے کرکٹر کوانگلینڈ کی لیب نامزد کردی گئی ہے۔ محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن پہلے بھی 2 بار رپورٹ ہو چکا ہے، نومبر 2014 میں ابوظہبی میں ہی نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچ کے دوران ان کا ایکشن رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد دسمبر میں انہیں انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ سے روک دیا گیا، اس وقت ان کے بازو کا خم 15 ڈگری کی قانونی حد کی بجائے 31 پایا گیا تھا، جنوری 2015 میں انہوں نے غیر رسمی ٹیسٹ کروایا تو بھی ایکشن میں مسائل برقرار تھے، اپریل 2015 میں آئی سی سی کی منظور شدہ لیب میں ٹیسٹ کے بعد ان کا ایکشن کلیئر قرار دیا گیا، اس کے بعد جون میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ کے دوران محمد حفیظ دوبارہ مشکوک ایکشن کی زد میں آئے، جولائی 2015 میں ان پر ایک سال کی پابندی عائد کر دی گئی، یہ مدت مکمل ہونے کے بعد انہوں نے نومبر 2016میں ٹیسٹ کلیئر کرلیا اور دوبارہ بولنگ کرنے کی اجازت مل گئی۔ واضح رہے انگلینڈ میں یکم نومبر کو ٹیسٹ میں بھی اگرمحمد حفیظ کے بازو کا خم 15 ڈگری کی قانونی حد سے متجاوز پایا گیا تو وہ ایک بار پھر پابندی کی زد میں آ جائیں گے۔

 

Share this article

Leave a comment