Sunday, 10 November 2024


پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر سماتھی پالا نے کہا ہے کہ پاکستان کو سپورٹ کرنے اور یہ بتانے کیلیے آئے ہیں کہ یہاں سکیورٹی کی صورتحال سے پوری طرح مطمئن ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر سماتھی پالا نے کہا کہ پاکستان آ کر بہت خوش ہیں، ہم یہاں شائقین کیلیے آئے ہیں اور دوبارہ بھی آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کا ایک بہت بڑا ملک ہے، اسے نظر انداز نہیں کر سکتے، پاکستان کھیلوں سے محبت کرنے والا ملک ہے، یہاں باصلاحیت کرکٹرز موجود ہیں۔
سماتھی پالا نے کہا کہ سری لنکا نے 1996 میں ورلڈ کپ یہیں جیتا تھا، لاہور آمد پر خوش ہیں اور سری لنکن ٹیم جلد دوبارہ بھی دورہ کرے گی، امید ہے آج کا میچ اچھا ہو گا، کوئی ہارتا ہے اور کوئی جیتتا ہے لیکن دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بھائیوں کی طرح برقرار رہتے ہیں، یہ بھائی چارہ قائم رہنا چاہیے۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں جب کہ اگلے سال اپریل میں ایشیا کپ ایمرجنگ پلیئرز کا پاکستان میں انعقاد کیا جائے گا۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آج تاریخی موقع ہے، سماتھی پالا کی جانب سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، 9 سال پہلے جو سانحہ ہوا اسے بھلا دینا چاہیے، دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ اور دیگر کھیلوں کےلیے محفوظ ملک ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ اگلے سال اپریل میں ایشیا کپ ایمرجنگ پلیئرز کا پاکستان میں انعقاد کیا جائے گا جس میں 6 ٹیمیں شریک ہوں گی، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، انڈیا کی ٹیمیں شریک ہوں گی جب کہ چھٹی ٹیم کا انتخاب کوالیفائنگ راﺅنڈ کے ذریعے کیا جائے گا۔ میچز ایک سے زیادہ گراﺅنڈز پر ہوں گے۔

 

 

Share this article

Leave a comment