Saturday, 21 September 2024


ڈاکٹر رتھ فاؤ کی خدمات کے اعتراف میں ان کا گھر میوزیم میں تبدیل

 

کراچی: پاکستان میں جذام کے مریضوں کی مسیحا سمجھی جانے والی ڈاکٹر رتھ فاؤ کی خدمات کے اعتراف میں کراچی میں واقع ان کے گھر کو میوزیم میں ڈھال دیا گیا۔ عالمی یوم جذام کے موقع پر کراچی میں واقع میری ایڈیلیڈ لیپروسی سینٹر میں جذام کے ماہرین کی پریس بریفنگ ہوئی، جس کے بعد ایم اے ایل سی میں موجود ڈاکٹر رتھ فاؤ میوزیم کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹرعلی مرتضیٰ نے کہا کہ ڈاکٹر رتھ کے گھرکو میوزیم بنانے کے بعد آج اس کا افتتاح کیا گیا ہے، میوزیم میں ڈاکٹر رتھ فاؤ کی تصویریں آویزاں کی گئی ہیں اور ان کے خدمات کے اعتراف میں دیے گئے اعزازات رکھے گئے ہیں۔ ڈاکٹرعلی مرتضیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں سالانہ 400 افراد جذام کے مرض میں مبتلا ہوتے ہیں، جس پر قابو پانے کے لیے موثر کوششیں جاری ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ بچوں میں معذوری کی شرح 6 فیصد ہے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر رتھ فاؤ طویل علالت کے بعد 10 اگست کو انتقال کر گئی تھیں، ان کا تعلق جرمنی سے تھا اور وہ 60 کے عشرے میں پاکستان آئی تھیں۔ ان کی وصیت کے مطابق انہیں کراچی کے مسیحی قبرستان میں قومی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ کراچی کا سول اسپتال ڈاکٹر رتھ فاؤ کے نام سے منسوب یہ بھی یاد رہے کہ گذشتہ سال وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ڈاکٹر رتھ فاؤ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کراچی میں واقع سول اسپتال کو ان کے نام سے منسوب کردیا تھا۔

 

Share this article

Leave a comment