Saturday, 21 September 2024


حلقہ این اے 154 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری

 

ایمزٹی وی(لودھراں)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 154 لودھراں میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی نااہلی کے نتیجے میں خالی ہونے والی نشست حلقہ این اے 154 لودھراں میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔ پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گی۔
حلقے سے تحریک انصاف، ن لیگ، پیپلز پارٹی سمیت 10 امیدوار مدمقابل ہیں جب کہ پی ٹی آئی کے علی ترین اور ن لیگ کے پیر اقبال شاہ میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ اس کے علاوہ پی پی پی کے مرزا محمد علی بیگ اور 7 آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ علی ترین تحریک انصاف کے سابق سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین کے بیٹے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ این اے 154 میں 338 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں اور ان سب میں فوج کے جوان تعینات ہیں جنہیں مجسٹریٹ کے اختیارات بھی دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لودھراں نے بتایا کہ حلقہ کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر 4500 فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق لودھراں کے حلقہ این اے 154 میں کل ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 31 ہزار 2 ہے جن میں مرد ووٹرز 2 لاکھ 36 ہزار 496 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 94 ہزار 506 ہے۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 154 کی سیٹ پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین کی نا اہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔

 

Share this article

Leave a comment