ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ کے سنسنی سے بھرپور مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے اور آج ایونٹ کا دسواں میچ کھیلا جائے گا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان مقابلہ ہوگا، دونوں ٹیمیں اب تک ایونٹ میں اپنے 3،3 میچز کھیل چکی ہیں۔
پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو تمیم اقبال، کامران اکمل، محمد حفیظ اور حارث سہیل جیسے بلے بازوں کا ساتھ حاصل ہے جب کہ پیس بیٹری میں ان کے پاس حسن علی، کرس جورڈن اور وہاب ریاض جیسے بولر موجود ہیں۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کے پاس بھی کئی بڑے نام موجود ہیں، کیون پیٹرسن، جیسن رائے، محمد اللہ، شین واٹسن اور اسد شفیق سرفراز الیون کی بیٹنگ کی جان ہیں جب کہ بولنگ کے شعبے میں راحت علی، محمد نواز اور انور علی ہتھیار ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز تین میچز میں 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ لاہور قلندرز اپنے تینوں میچز میں ناکامی کے بعد سب سے آخر میں ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دوسرے، ملتان سلطانز تیسرے، پشاور زلمی چوتھے اور اسلام آباد یونائیٹڈ پانچویں پوزیشن پر براجمان ہے۔