Friday, 15 November 2024


پی ایس ایل 3 میں سلمان ارشاد کا شاندار ڈیبیو

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے فاسٹ بولر سلمان ارشاد اپنے شاندار ڈیبیو پر خوشی سے سرشار ہیں۔
لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے سلمان ارشاد نے پی ایس ایل میں اپنے پہلے اوور کی پہلی گیند پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق کی وکٹ لی۔
اس کے بعد ہدف کے تعقب میں جب لاہور قلندرز کو مشکلات کا سامنا تھا تو 10 ویں نمبر پر بیٹنگ پر آنے والے سلمان ارشاد نے اپنی پہلی ہی گیند پر چھکا لگایا اسکور برابر کردیا۔بدقسمتی سے وہ اگلی گیند پر آؤٹ ہوگئے اور میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا جو اسلام آباد یونائیٹڈ کے حق میں رہا۔
لاہور قلندرز کے لیے پاکستان سپر لیگ میں اپنے پہلے ہی میچ میں اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان مصباح الحق کو آؤٹ کرنے والے فاسٹ بولر سلمان ارشاد نے اپنے ایکشن کے حوالے سے کہا ہے کہ اس سے انہیں ریورس سوئنگ ملتی ہے اور یارکر اچھے ہوتے ہیں۔
آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے ارشاد نے میچ کے دوران ایک انٹرویو میں کہا کہ ٹیم ڈائریکٹر عاقب جاوید نے ان سے کہا تھا کہ وہ میچ کی پہلی گیند پر وکٹ لیں گے اور ایسا ہی ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پورے کشمیر کی نظر ان پر تھی، آزاد کشمیر کے لوگ ان کے ڈیبیو کا انتظار کررہے تھے۔
سلمان ارشاد کا کہنا تھا کہ اللہ پاک نے اچھا ڈیبیو کروادیا، جتنا شکر ادا کروں کم ہے۔ اپنے ایکشن پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے انہیں ریورس سوئنگ ملتی ہے، یارکر بھی اچھے ہوتے ہیں اور آگے آنے والے میچوں میں وہ اس کا استعمال کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مصباح الحق لیجنڈ ہیں اور ان کو آؤٹ کرنے پر وہ بہت خوش ہیں۔
خیال رہے کہ سلمان ارشاد کو پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز نے اپنے ایمرجنگ ٹیلنٹ پروگرام کے تحت کشمیر سے منتخب کیا تھا اور وہ فروری میں شروع ہونے والے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی بھی نمائندگی کریں گے۔
سلمان ارشاد نے لاہور قلندرز رائزنگ اسٹارز ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا کا دورہ بھی کیا تھا جہاں ان کی شاندار بولنگ سے متاثر ہوکر سیکنڈ گریڈ کرکٹ کے کلب ہاکس بری نے انہیں معاہدے کی پیشکش کی تھی۔

 

Share this article

Leave a comment