Saturday, 21 September 2024


کینسر میں مبتلا سندھ یونیورسٹی کی طالبہ امام زیدی کو ایک لاکھ روپے کا چیک

ایمزٹی وی (تعلیم/کراچی) پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے سندھ یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی طالبہ امام زیدی عرف کومل سہتو کی بیماری کی خبر پڑھ کر شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے جامشورو ریلوے اسٹیشن سے ملحقہ بھریا ولیج میں طالبہ کے گھرپہنچ کر ان کی عیادت کی۔

اس موقع پر وائس چانسلر نے طالبہ کے علاج کے لئے ذاتی طور پر ایک لاکھ روپے کا چیک بطور امداد دیا اور طالبہ اور ان کی والدہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کومل سہتو ہماری بیٹی کی طرح ہے، وہ یونیورسٹی کی ذہین طالبہ ہے، جس کے علاج کے سلسلے میں سندھ یونیورسٹی کے تمام اساتذہ، افسران، ملازمین، طلباء و طالبات کی جانب سے باہمی اشتراک سے مالی مدد اور معاونت کی جائے گی اور اس کے بروقت اور بہترین علاج کے سلسلے میں ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

اس موقع پرڈاکٹر برفت نےصاحب حیثیت افراد سے بھی طالبہ کے علاج کے سلسلے میں مالی تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس موقع پر فوکل پرسن سندھ یونیورسٹی ٹھٹھہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر سرفراز حسین سولنگی اورسوشیالوجی ڈپارٹمنٹ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر امیر علی ابڑو بھی موجود تھے۔

 

Share this article

Leave a comment