Friday, 20 September 2024


آصف زرداری کی حاضری سےاستثنیٰ کی درخواست منظور

 

ایمز ٹی وی (کراچی)منی لانڈرنگ کیس میں بینکنگ کورٹ نے آصف زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی اور مزید سماعت پچیس ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔
کراچی میں بینکنگ کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی ، فریال تالپور سمیت دیگر افراد پیش ہوئے، سماعت میں آصف زرداری کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی گئی۔
جس میں کہا گیا آصف زرداری صدارتی انتخاب کے باعث اسلام آباد میں مصروف ہیں، دلائل کے بعد عدالت نے آصف زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکرلی۔
بعد ازاں منی لانڈرنگ کیس کی مزید سماعت پچیس ستمبر تک ملتوی کردی گئی
دو روز قبل منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے 20 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کروائے تھے ، مچلکوں پر ضامن عاشق حسین اور خود آصف زرداری نے دستخط کیے تھے۔
خیال رہے کہ بینکنگ کورٹ نے آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، جس پر انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کی تھی، بعد ازاں عدالت نے انہیں 3 ستمبر تک متعلقہ ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
بعد ازاں آصف زرداری کراچی کی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے، جہاں عدالت نے 20 لاکھ روپے کے عوض ان کی عبوری حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔
بینکنگ کورٹ نے سابق صدر کی 15 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔
یاد رہے 27 اگست کو منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرایا تھا، ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے نجف مرزا نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور سے 38 منٹ تک پوچھ گچھ کی جس کے دوران مختلف سوالات پوچھے گئے۔
واضح رہےکہ جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنے کے کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور بھی نامزد ہیں، نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی اور طحہٰ رضا جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، جبکہ فریال تالپور سمیت کیس کے 4ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عبوری ضمانت لے رکھی ہے، ایف آئی اے نے کیس میں سابق صدر آصف زرداری سمیت 20 ملزمان کو مفرور قرار دیا ہے۔

 

Share this article

Leave a comment