اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے آنے والی نسلوں کو مقروض کردیا ہے اور ملک کی معاشی حالت کے سب سے بڑے مجرم اسحاق ڈار ہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی حالات کے ذمہ دار اسحاق ڈار اینڈ کمپنی ہیں، وزیر اعظم کے خصوصی جہاز پر ایک مجرم اسحاق ڈار لندن چلا گیا اور واپس نہیں آیا، 5 سال ارسطو حکومت کرتے رہے اور بیرونی قرضہ 28 ہزار روپے تک جاپہنچا، آج چند لوگ ارب پتی ہوگئے اور ایون فیلڈ میں رہتے ہی، قرضوں کی وجہ سے امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوتا جا رہا ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر صرف ڈیڑھ ماہ کے رہ گئے ہیں، ریڈیو پاکستان میں 700 کنٹریکٹ ملازمین پر ہیں لیکن دینے کو تنخواہیں نہیں۔کیا اس ملک کو ہمیں ایسے ہی چلانا ہے جیسے سابقہ تجربہ کار حکومت چلاتی رہی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے حکومت میں آکر وہی کیا جو ایسٹ انڈیا کمپنی نے کیا تھا، نواز شریف نے ائرپورٹ اور موٹر ویز کا اعلان ایسے کیا جیسے گلے کی گولیاں بانٹی جاتی ہیں،گزشتہ پانچ سال کے دوران شہباز شریف نے گیارہ ہزار ارب روپے خرچ کیے، مہنگے قرضے لے کر کھلونے بنائے گئے، میٹرروز تو بنائی گئیں لیکن اب حکومت پنجاب کو ان بسوں کو چلانے کے لئے 8 ارب روپے سالانہ چاہئیں، میٹرو ٹرین چلانے کیلئے ہر سال 20 ارب روپے درکار ہیں۔ سارک کانفرنس کے لئے لئے 98 کروڑ میں 33 گاڑیاں خریدی گئیں، جس کے لئے گاڑیاں خریدی گئیں وہ کانفرنس بھی نہیں ہوئی اور ان ہی گاڑیوں کی دیکھ بھال پر 33 کروڑ خرچ کردیئے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں خسارہ 5 گنا بڑھا۔