Friday, 20 September 2024


ہیلمٹ استعمال نہ کرنے پر 22 ہزار چالان

 

لاہور : لاہور ہائی کورٹ میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے متعلق کیس میں سی ٹی او لاہور کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی ، جس کے مطابق دو روز میں ہیلمٹ استعمال نہ کرنے پر 22 ہزار سے زائد موٹرسائیکل سواروں کے چالان کئے گئے۔
لاہور ہائی کورٹ میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی نے عدالت میں رپورٹ پیش کی۔
جس میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر مال روڈ پر بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا داخلہ بند کیا گیا ہے، 2 دنوں میں مال روڈ پر 4778 بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو بھاری جرمانے کئے گئے جبکہ مجموعی طور پر لاہور میں 22246 بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے۔
سی ٹی او کی جانب سے کہا گیا کہ عدالتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے پر پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے، اگر کوئی پولیس اہلکار بغیر ہیلمٹ مال روڈ پر دکھائی دیا تو وہ اپنی نوکری بھول جائے، وکلاء اور صحافیوں سمیت تمام شہری اپنی حفاظت کے لئے ہیلمٹ پہنیں، ہیلمٹ بیچنے اور بنانے والے ہیلمٹ کی قیمتیں کم کریں۔
عدالت نے مزید ہدایت کی کہ مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، فیروزپور روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر بھی کارروائی جاری رکھی جائے، اگلے ہفتے سے جیل روڈ پر بھی بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا داخلہ بند کیا جائے۔
عدالت نے پیمرا کے نمائندے کو روڈ سیفٹی پر ایڈ چلانے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا بنگلہ دیش میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو تیل نہیں دیا جاتا۔
یاد رہے ٹریفک پولیس نے لاہور ہائیکورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹر سائیکل سواروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا تھا۔

 

Share this article

Leave a comment