Friday, 20 September 2024


جامعہ کراچی ایک مکمل منی پاکستان کی حیثیت رکھتا ہے

کراچی: جامعہ کراچی کے 29ویں جلسہ تقسیم اسناد سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اعلی تعلیم کے فروغ کے بغیر کو ئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، دو ر حاضر میں اعلیٰ تعلیم ہی ملک کی ترقی و خوشحالی میں کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل ہونے کے باوجود جامعہ نے اپنی حیثیت کو منوایا ہے اور اس کی بنیادی وجہ جہد مسلسل ، علم و تحقیق اور عزم لازوال ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس خطے کو بہترین افرادی قوت سے نوازا ہے ان بہترین اذہان کے حامل افراد کو ماہرین میں تبدیلی کرنے میں ہماری جامعا ت اور خاص کر جامعہ کراچی کا کردار قابل تحسین ہے۔ 

گورنر سندھ نے کہا کہ اس بات کی اہمیت سے کسی کو انکار نہیں ہے کہ جامعہ کراچی ایک مکمل منی پاکستان کی حیثیت رکھتا ہے جس میں گلگت سے لے کر پنجگو ر تک کے طلباءحصول تعلیم میں مصروف ہیں۔ جامعہ کراچی کی یہ انفرادیت اس کو ملک بھر کی جامعا ت سے ممتاز کرتی ہے۔ جامعہ کراچی کے اساتذہ اور شیخ الجامعہ خصوصی تحسین کے مستحق ہیں کہ انہوں نے نہ صرف صوبہ سندھ بلکہ پورے ملک کے طلباءکے لئے اپنے دامن کو وسیع کیا ہے۔ بطور چانسلر جامعہ کراچی مجھے جامعہ کی ضروریات کا باخوبی ادراک ہے اور اس تناظر میں میری بطور چانسلر جامعہ کراچی بھرپورکوشش ہوگی کہ میں وفاق سے چلنے والی سالانہ گرانٹ کو بڑھانے اور کراچی یونیورسٹی اسپتال کے قیام کو یقینی بنانے کے سلسلے میں بات کروں۔ اس کے علاوہ وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن سے بھی جامعہ کراچی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے مطابق وسائل فراہم کرنے کے لئے بات کروں۔
طلباءو طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ آج کا دن یقینا آپ سب کے لئے ایک مسرت بھرا دن ہے کہ جب آپ اپنی تعلیمی مصروفیات سے فارغ ہو کر عملی زندگی میں قدم رکھنے جارہے ہیں قوم کا مستقبل آپ سے وابستہ ہے آپ اس قوم کے معمار ہیں۔ آپ کو اپنی علمی زندگی میں ہمیشہ ملک کے مفاد کو فوقیت دینا ہوگی جب ہی ہم اقوام عالم میں فخر کے ساتھ اپنی پہچان بطور پاکستانی کرواسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو اس ملک کو اس بام عروج پر پہچانا ہے کہ جس کا تصور علامہ اقبال ؒ نے دیا اور جس کی جدودجہد قائد اعظم محمد علی جناح ؒ جیسے رہنما نے کی۔ آپ جس شعبہ زندگی سے بھی عملی طور پر وابستہ ہوں وہاں محنت ، لگن اور ایمانداری سے اپنی خدمات انجام دیں۔
ہمارے ملک کو کرپشن کا کینسر لاحق ہے جس کے علاج کے لئے بے داغ کردار کے حامل اور آپ جیسے نوجوانوں کی ملک و قوم کو ضرورت ہے۔ گورنر سندھ نے والدین اور اساتذہ کو بھی دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کی انتھک محنت اور جدوجہد کے بغیر یہ سب کچھ ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ اساتذہ مل کر جامعہ کراچی کو دنیا کی ممتاز جامعات کی صف میں لانے کی مزید کوشش کریں کیونکہ یہ دورعلم اور سائنس و ٹیکنالوجی کادور ہے اور یہ ہی اقوام کی ترقی کی بنیاد ہے۔

 

Share this article

Leave a comment