ممبئی: نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میں بھارت کو 25 رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کردیا۔
ممبئی میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھارتی سورما 147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھی ناکام رہے اور پوری بھارتی ٹیم 121 رنزپر ڈھیر ہوگئی۔
تیسرے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے اعجاز پٹیل نے 6 اور گلین فلپس نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
تیسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھارتی کپتان روہت شرما نے 11 رنز بنائے جب کہ بھمن گل، ویرات کوہلی اور سرفراز خان ایک ایک رنز بناسکے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 235 اوردوسری اننگز میں 174رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جب کہ میزبان بھارتی ٹیم پہلی اننگز 263 اور دوسری اننگز میں 121 رنز بناسکی۔
خیال رہے کہ بھارت کو 25 ( 1999 ) سال کے بعد ہوم ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش شکست ہوئی ہے۔
سیریز کا پہلا میچ بنگلورو میں کھیلا گیا تھا جس میں روہت شرما کی قیادت میں بھارتی ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ 36 سال بعد پہلا موقع تھا جب نیوزی لینڈ نے بھارت کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ میں شکست دی تھی۔
اس کے بعد نیوزی لینڈ نے پونے میں کھیلےگئے دوسرے میچ میں 113 رنز سے فتح حاصل کرکے سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل کی اور یوں بھارت کو 12 برس بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔