قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے بھی چیمپئینز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار پر تنقید کے نشتر چلادیے۔
اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر محمد عامر نے بھارتی مؤقف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ کرکٹ کا نقصان ہے، اور ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ آپ ایک ٹیم کی وجہ سے دوسری ٹیموں کو تکلیف نہیں پہنچا سکتے۔ بہتر ہوگا کہ ہندوستان کو ٹورنامنٹ سے باہر رکھا جائے اور ان کی جگہ کسی اور ٹیم کو شامل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر ٹیمیں یہاں مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہوں تو اسکے باوجود بھارت کا پاکستان میں کھیلنے سے انکار کرنا عجیب سی بات ہے۔محمد عامر نے کہا کہ پاکستانی قوم کرکٹ سے محبت کرنے والی قوم ہے، بھارت کا ایسا فیصلہ یقینی طور پر شائقین کرکٹ کیلئے نہایتی مایوس کُن ہے، جسکا جواز بھی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کا انکار پاکستان میں کرکٹ بحالی کیلئے نقصان دہ ہوسکتا ہے جس کا اثر کرکٹ کے کھیل پر پڑے گا۔