Saturday, 16 November 2024


پاکستان کی نئی ویب سیریز’فروٹ چارٹ‘جنوری کےپہلےہفتےمیں ریلیزکئےجانےکاامکان

لاہور: عالمی ایوارڈ یافتہ پاکستان شوبز کے نوجوان ہدایتکار معیزعباس کی نئی ویب سیریز ’فروٹ چارٹ‘ کی شوٹنگ کا آغاز کردیا گیا۔

فروٹ چاٹ کی کہانی ایک ایسی تعلیم یافتہ اور قابل لڑکی ’شبانہ‘ کے گرد گھومتی ہے جو ویل چیئر استعمال کرنے والی خاتون ہے مگر ہمت کی اعلیٰ مثال ہے تاہم اسے معاشرے میں بچپن سے لے کر جوانی تک کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر اس نے ہار نہ مانتے ہوئے ان مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور معاشرے میں اپنا ایک مقام بنانے میں کامیاب رہی۔

شبانہ ایک ایسے معاشرے میں اپنے لیے جگہ بنانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے، جہاں معذوری سے جڑے تصورات اور تعصبات خوابوں اور کامیابی کے درمیان رکاوٹ بنتے ہیں۔

کامیڈی سے بھرپور یہ منفرد کہانی ناظرین کو ہنسنے پر مجبور کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے ذہنوں میں غور و فکر کے لیے کئی موضوعات چھوڑ دے گی، جن میں روزگار، محبت، دوستی، اور ایک عورت ہونے کے تجربات شامل ہیں۔

اس ویب سیریز کی کہانی رائٹر اور ہیومن ایکٹیوسٹ تنزیلا خان نے لکھی ہے جو خود اس ویب سیریز میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ معروف اداکار فواد جلال، نادیہ افغان بھی اس پراجیکٹ میں خصوصی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

ہدایتکار معیز عباس کی ویب سیریز اس وقت شوٹنگ کے مرحلے میں ہے جس کو جنوری کے پہلے ہفتے میں ریلیز کئے جانے کا امکان ہے جبکہ ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔7 قسطوں پر مشتمل ویب سیریز ’فروٹ چارٹ‘ کو اس کے آفیشل اسٹریمنگ پارٹنر’مائیکو‘ پر ریلیز کیا جائے گا، فروٹ چاٹ کو اس سے قبل بطور ’مختصر فلم‘ پیش کیا گیا تھا جس نے مسلم انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (یو کے)، ویمن انٹرنیشنل فلم فیسٹیول اور روس سے ’بہترین مختصر فلم‘ کے ایوارڈز بھی حاصل کئے ہیں۔

Share this article

Leave a comment