فیس بک نے پرائیویسی سیٹنگ کے حوالے سے گردش کرنے والے پیغامات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرائیوٹ پروفائل سیٹنگ کے لئے رقم لینے سے مریخ پر زندگی کے آثار ہونے کے امکانات زیادہ ہیں۔ واضح رہے کہ فیس بک پر پرائویسی سیٹنگ کے حوالے سے افواہیں ایک بار پھر تیزی سے گردش کر رہی ہیں اور ان پیغامات کو ہزاروں صارفین نے شیئر کیا ہے۔ ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ فیس بک اب پرائیویسی سیٹنگ کے لیے 5.99 پاؤنڈز کی رقم لے گی جس کے بعد فیس بک نے ان افواہوں کو رد کیا ہے۔ ایک پرمزاح پوسٹ میں فیس بک نے کہا: ’اگرچہ مریخ پر پانی ہو سکتا ہے، تاہم انٹرنیٹ پر آپ جو کچھ پڑھتے ہیں سب پر یقین نہ کریں۔ فیس بک مفت ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ اور لیگل نوٹس کو کاپی اور پیسٹ کرنے کے حوالے سے پیغامات جعلی ہیں۔‘