Friday, 20 September 2024


اس سال ڈنمارک میں طویل اور آسٹریلیا میں مختصر ترین روزہ ہوگا

ایمز ٹی وی(انٹرنیشنل)دنیا بھر میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا آغاز ہوچکا ہے جس میں اہل ایمان روزے رکھ رہے ہیں جب کہ مختلف ممالک میں روزے کا دورانیہ بھی مختلف ہوتا ہے اور اس سال یورپ کے روزے پوری دنیا میں سب سے طویل اور آسٹریلیا اور چلی کے روزے مختصر ترین ہوں گے۔

یورپ: ریڈیو ہالینڈ نے ایک نقشہ دکھایا ہے جس کی رو سے ڈنمارک میں اوسطاً 21 گھنٹے اور کچھ منٹ کا روزہ ہوگا۔ اس کے علاوہ آئس لینڈ، ناروے اور سویڈن کا روزہ اوسطاً 20 گھنٹے کا ہوگا۔ برطانیہ میں مسلمانوں کی کثیر تعداد آباد ہے جہاں روزہ 18 گھنٹے 59 منٹ تک کا ہوگا اور دوسری جانب جرمنی میں 18 گھنٹے 9 منٹ کا روزہ ہوگا۔

امریکا اور آسٹریلیا: جنوبی امریکی ممالک میں ارجنٹینا کا روزہ مختصر ترین ہوگا جس کا دورانیہ 12 گھنٹے 21 منٹ بتایا جارہا ہے۔ آسٹریلیا میں روزہ 10 گھنٹے اور کچھ منٹ کا ہوگا جب کہ چلی اور برازیل بالترتیب میں 13 گھنٹے 9 منٹ اور 11 گھنٹے 58 منٹ کا روزہ متوقع ہے۔ شمالی امریکا کے ممالک میں روزہ 15 سے 18 گھنٹے ہے جب کہ واشنگٹن ڈی سی میں اوسطاً 16 گھنٹے 44 منٹ کا روزہ ہوگا۔ کینیڈا میں روزہ اوسط 18 گھنٹے اور 9 منٹ کا ہوگا۔

مشرقِ وسطیٰ اور افریقا: سعودی عرب میں روزہ 16 گھنٹے اور 13 منٹ کا ہے جب کہ متحدہ عرب امارات کے ممالک میں یہ دورانیہ 15 گھنٹے اور 23 منٹ کا ہوگا۔ کویت میں 15 گھنٹے اور 59 منٹ کا روزہ ہے۔ تاہم مشرقِ وسطیٰ میں 33 سال کے بعد شدید ترین گرمی پڑنے کا امکان ہے جب کہ سعودی عرب میں اس موسمِ گرما میں درجہ حرارت بہت بلند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ جنوبی افریقا میں روزہ صرف 12 گھنٹے کا ہوگا جب کہ مصر، تیونس اور الجزائر جیسے ممالک میں روزہ ساڑھے 16 سے ساڑھے 17 گھنٹے تک کا ہوگا۔

ایشیا: پاکستان اور ہندوستان میں اوسطاً بالترتیب 16.5 اور 17 گھنٹے 11 منٹ کا روزہ ہوگا۔ پورے ایشیا میں روس کا روزہ طویل ترین یعنی 20 گھنٹے 49 منٹ کا ہوگا۔ چین کے مسلمان اوسطاً 17 گھنٹے 28 منٹ کا روزہ رکھیں گے۔

Share this article

Leave a comment